ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی، ژالہ باری اور بارش کی پیشگوئی

ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی، ژالہ باری اور بارش کی پیشگوئی
کیپشن: ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی، ژالہ باری اور بارش کی پیشگوئی

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی، گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے، جب کہ بعض علاقوں میں ژالہ باری اور موسلادھار بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش، آندھی اور گرج چمک متوقع ہے۔کشمیر، پوٹھوہار اور بالائی خیبرپختونخوا میں بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی خدشہ ہے۔

ادھر کراچی میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے، درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو شدید گرمی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

 خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں سے تباہی، 8 افراد جاں بحق

محکمہ موسمیات کے وارننگ کے بعد خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں آندھی، بارش اور ژالہ باری نے تباہی مچائی۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق 27 مئی سے جاری طوفانی موسم کے باعث 8 افراد جاں بحق اور 21 زخمی ہوئے۔
جاں بحق افراد میں 5 مرد، 2 خواتین اور ایک بچہ شامل ہے، جب کہ زخمیوں میں 10 مرد، 5 خواتین اور 6 بچے شامل ہیں۔
بارشوں سے 25 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں سے 24 کو جزوی اور ایک کو مکمل نقصان پہنچا۔
یہ حادثات پشاور، مردان، صوابی، شانگلہ، سوات، تورغر، مہمند، مانسہرہ اور ہری پور میں رپورٹ ہوئے۔

لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی میں آندھی و بارش سے بجلی کا نظام متاثر

لاہور میں آندھی کے باعث باگڑیاں کے علاقے میں دیوار گرنے سے دو افراد زخمی ہو گئے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، کھاریاں، اور سیالکوٹ میں بارش اور تیز ہواؤں سے متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے، جس سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
سوات، مردان، بٹ خیلہ، ہری پور سمیت دیگر علاقوں میں شدید بارش اور ژالہ باری نے معمولاتِ زندگی متاثر کیے۔

محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں نے شہریوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔

Watch Live Public News