ویب ڈیسک: لاہور، نارووال، قصور اور گجرات میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش اور بعض علاقوں میں ژالہ باری سے موسم خوشگوار ہو گیا، تاہم بجلی کا نظام متاثر ہونے سے 100 سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے۔
لاہور کے گلبرگ، مال روڈ، ماڈل ٹاؤن، مسلم ٹاؤن، جیل روڈ، کلمہ چوک، فیروز پور روڈ اور دیگر علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش کے باعث لیسکو کے متعدد فیڈر بند ہونے سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
لیسکو حکام کے مطابق متاثرہ فیڈرز کی بحالی کے لیے ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں اور بارش رکنے کے بعد بحالی کا عمل تیز کر دیا جائے گا۔
دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے میدانی علاقے بدستور شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دادو، جیکب آباد، لاڑکانہ، نوابشاہ، سبی اور تربت میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ کراچی میں گرم اور مرطوب موسم برقرار رہے گا۔