(ویب ڈیسک ) بھارت میں بینک کی وائی فائی آئی ڈی ’ پاکستان زندہ باد ‘ کے نام سے تبدیل ہونے پر انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق بھارتی ریاست کرناٹکا کے شہر بنگلورو کے ایک پرائیویٹ بینک کی وائی فائی آئی ڈی ’ پاکستان زندہ باد ‘ کے نام سے تبدیل ہونے کے بعد بھگڈر مچ گئی۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ 2 دن قبل گووردھن سنگھ نامی شہری نے بنگلورو کے ایک پرائیویٹ بینک میں وائی فائی آئی دیکھنے کے بعد پولیس میں شکایت درج کروائی ۔
شکایت درج کرانے والے شہری کا تعلق سخت گیر ہندو تنظیم بجرنگ دل سے بتایا گیا ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ اس علاقے میں ملک دشمن عناصر کام کر رہے ہیں۔
اس حوالے سے بینک کا کہنا ہے کہ بینک کے وائی فائی میں مرمت کیلئے ایک مقامی ٹیکنیشن کی خدمات وصول کی گئی تھیں ، جس کے بعد وائی فائی کا نام تبدیل ہوگیا ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تفتیش کیلئے جب ٹیکنیشن سے رابطہ کرنا چاہا تو وہ بینک سے جاچکا تھا اور اب اسکا نمبر بھی بند ہے۔
پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے ٹیکنیشن کی تلاش شروع کردی ہے۔