ویب ڈیسک: پاکستانی میوزک اور ڈرامہ انڈسٹری کے مقبول گلوکار و اداکار عمیر جسوال نے اپنی دوسری شادی کی پہلی سالگرہ کے موقع پر اپنی اہلیہ کا چہرہ مداحوں کے سامنے ظاہر کر دیا۔ اس موقع پر انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پیغام بھی شیئر کیا، جس میں اہلیہ کے ساتھ تعلق کو اپنی زندگی کی سب سے بڑی خوش قسمتی قرار دیا۔
عمیر جسوال نے لکھا کہ گزشتہ ایک سال رفاقت، محبت اور ترقی کا حسین سفر رہا ہے، جس میں ایک دوسرے کی خوشیوں اور کامیابیوں کو بانٹا۔ انہوں نے اہلیہ کے ساتھ کچھ نایاب اور دلکش تصاویر بھی شیئر کیں جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئیں اور مداحوں کی جانب سے بے شمار نیک تمنائیں ملنے لگیں۔ فالوورز نے دونوں کو خوشیوں بھری زندگی کی دعائیں دیں اور نئے سفر پر مبارکباد پیش کی۔
یاد رہے کہ عمیر جسوال نے اس سے قبل معروف اداکارہ ثنا جاوید سے 2020 میں شادی کی تھی، تاہم یہ رشتہ 2023 تک ہی قائم رہا۔ علیحدگی کے چند ہی ماہ بعد عمیر جسوال نے دوسری شادی کی، جبکہ ثنا جاوید سابق کرکٹر شعیب ملک کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ مداح کافی عرصے تک یہ جاننے کے خواہشمند رہے کہ عمیر جسوال کی دوسری دلہن کون ہیں، مگر انہوں نے اپنی نجی زندگی کو میڈیا کی نظروں سے اوجھل رکھا۔ ایک موقع پر سوال پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا کہ پروفیشنل اور ذاتی زندگی کو ہمیشہ الگ رکھنا چاہیے تاکہ سکون اور رازداری قائم رہے۔
اب شادی کی پہلی سالگرہ پر اہلیہ کا چہرہ ظاہر کرکے عمیر جسوال نے مداحوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کر دیا ہے۔ شوبز انڈسٹری میں اس انکشاف پر بھی گہری دلچسپی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔