ویب ڈیسک: بھارت کے دارالحکومت دہلی کے ایک شخص نے سالگرہ کے تحفے کے تنازع پر بیوی اور ساس کو قینچی سے مار ڈالا۔ یہ واقعہ دہلی کے روہنی ضلع میں پیش آیا۔ جہاں معمولی گھریلو جھگڑے نے خوفناک رخ اختیار کر لیا۔
پولیس کے مطابق یوگیش نے اپنی بیوی پریا سہگل (34) اور ساس کسم سنہا (63) کا قتل کیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بیٹے کی سالگرہ پر تحائف کے تبادلے پر دونوں خاندانوں میں جھگڑا ہوگیا۔
پولیس کے مطابق 30 اگست کو سہ پہر 3 بج کر 50 منٹ پر کنک مارگ پولیس اسٹیشن میں فون آیا کہ سیکٹر 17 روہنی کے ایک فلیٹ میں خاتون اور اس کی بیٹی کا قتل کر دیا گیا ہے۔ پولیس موقع پر پہنچی تو لاشیں خون میں لت پت پڑی تھیں۔
کال کرنے والے، متاثرہ کے بیٹے، میگھ سنہا نے بتایا کہ اس کی ماں 28 اگست کو اپنی بیٹی پریا کے گھر سالگرہ کی تقریب میں شرکت کیلئے آئی تھی لیکن بعد میں وہ بیٹی اور داماد کے درمیان جھگڑا کو ختم کروانے کیلئے رک گئی۔ تاہم بعد میں جب ان کا فون بند پایا گیا تو اہل خانہ گھر پہنچے تو دروازے پر خون کے دھبے دیکھ کر اندر داخل ہوئے اور لاشیں نکالیں۔
پولیس کے مطابق ملزم یوگیش سہگل قتل کے بعد اپنے بچوں کے ساتھ فرار ہوگیا تھا تاہم بعد میں اسے گرفتار کرلیا گیا۔ اس کے خون آلود کپڑے اور قتل میں استعمال ہونے والی قینچی بھی موقع سے برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ کی وجہ خاندانی تنازعہ بتایا جاتا ہے۔
متاثرہ پریا کے بھائی ہمالیہ نے میڈیا کو بتایا کہ اس کی والدہ نے اسے فون پر بتایا تھا کہ گھر میں جھگڑا ہے اور وہ معاملات سلجھانے کے بعد واپس آجائے گی لیکن وہ واپس نہیں آئی۔ یہ ناقابل یقین ہے، میرے بہنوئی نے محض جھگڑے پر اپنی بیوی اور ساس کو قتل کر دیا اور بچوں کے ساتھ فرار ہو گیا۔ یہ انتہائی غیر انسانی فعل ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فرانزک ٹیم اور کرائم ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔