چیئرمین اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کا استعفیٰ منظور

چیئرمین اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کا استعفیٰ منظور
کیپشن: چیئرمین اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کا استعفیٰ منظور

ویب ڈیسک: پمز اسپتال میں 14 نومولود بچوں کی ہلاکت کے سانحے کے بعد وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی (IHRA) کے چیئرمین ڈاکٹر ریاض شہباز جنجوعہ کا استعفیٰ منظور کرلیا۔

ڈاکٹر ریاض شہباز کا بطور آئی ایچ آر اے بورڈ رکن استعفیٰ 31 اگست 2026 سے منظور کیے جانے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ وزارتِ صحت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق استعفیٰ اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیشن ایکٹ 2018 کی متعلقہ شقوں کے تحت منظور کیا گیا۔ بورڈ کی رکنیت ختم ہونے کے بعد ڈاکٹر ریاض شہباز چیئرمین کے عہدے سے بھی سبکدوش ہوگئے ہیں۔

نوٹیفکیشن کی نقول کابینہ ڈویژن، آئی ایچ آر اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، بورڈ کے ارکان اور دیگر متعلقہ حکام کو ارسال کردی گئی ہیں۔

یہ فیصلہ پمز اسپتال میں 14 نومولود بچوں کی ہلاکت کے واقعے کے بعد سامنے آیا ہے، جس نے وفاقی دارالحکومت میں صحت کے نظام، اسپتالوں کے انتظامی معاملات اور ریگولیٹری نگرانی کے حوالے سے سنجیدہ سوالات اٹھا دیے ہیں۔

سانحے کی تحقیقات اور اسپتالوں کے انتظامی و نگرانی کے نظام کا جائزہ لینے کے لیے سینیٹ اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کے ہنگامی اجلاس بھی 31 اگست کو طلب کیے گئے ہیں۔



Watch Live Public News