ویب ڈیسک: بھارتی ریاست کرناٹک کےاعلیٰ تعلیم وزیرِ بساواراج رایاریڈی کے اسلام سے متعلق بیان پر بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ان سے ہندو برادری سے معافی مانگنے یا استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک نجی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بساواراج رایاریڈی نے اسلام کو انسانیت پر مبنی اور عظیم مذہب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلام سائنس پر مبنی ہے اور لوگوں کو زندگی گزارنے کا طریقہ سکھاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام کے بارے میں معلومات نہ رکھنے والے افراد غلط مفروضے قائم کرتے ہیں، جبکہ اسلام کی بنیاد انسانیت پر ہے، اسی لیے وہ اسے دیگر مذاہب سے برتر سمجھتے ہیں۔
وزیر کے بیان پر بی جے پی کرناٹک کے صدر آر اشوک نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے ہندو مذہب کی توہین قرار دیا۔ انہوں نے وزیرِ اعلیٰ ڈی کے شیوکمار سے مطالبہ کیا کہ بساواراج رایاریڈی اپنے بیان واپس لیں اور ہندو برادری سے معافی مانگیں، بصورتِ دیگر انہیں کابینہ سے برطرف کیا جائے۔
بی جے پی ترجمان اشوک گوڈا نے بھی کانگریس حکومت پر ووٹ بینک کی سیاست کا الزام عائد کرتے ہوئے وزیر کے بیان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
واضح رہے کہ بساواراج رایاریڈی رواں ماہ ڈی کے شیوکمار کی کابینہ میں شامل ہوئے ہیں۔ اس سے قبل وہ سابق وزیرِ اعلیٰ سدارامیا کے مالی مشیر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔