ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، سردی کی شدت میں اضافہ

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، سردی کی شدت میں اضافہ
کیپشن: ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، سردی کی شدت میں اضافہ

ویب ڈیسک: ملک کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کے باعث موسم سرد ہو گیا اور سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش کا آغاز رات گئے ہوا۔ آئی آئی چندریگر روڈ، پی آئی ڈی سی، سلطان آباد، ضیاء الدین احمد روڈ اور سول لائنز سمیت مختلف علاقوں میں بادل جم کر برسے۔

شاہراہ فیصل، طارق روڈ، صدر، سولجر بازار، جمشید روڈ اور اطراف کے علاقوں میں بھی بارش ہوئی، جبکہ سائٹ ایریا، میٹروول اور اورنگی ٹاؤن میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں مزید بارش کا امکان نہیں، تاہم صبح کے وقت ہلکی پھوار پڑ سکتی ہے۔

سندھ کے دیگر شہروں حیدرآباد اور جامشورو میں موسلادھار بارش ہوئی، جبکہ دادو، جیکب آباد اور لاڑکانہ میں بھی بادل برس پڑے۔

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور گردونواح میں بارش کے باعث 40 سے زائد فیڈرز بند کر دیے گئے۔ سمنگلی روڈ، اسپنی روڈ، بروری اور مغربی بائی پاس پر اندھیرا چھا گیا۔ لسبیلہ اور وندر میں بھی بارش کی اطلاعات ہیں۔

خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں پشاور، بنوں اور کرک میں بھی بارش ہوئی، جبکہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبے میں بارش کا سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ ادھر لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بھی آج بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

گلگت بلتستان کے شہر چلاس اور گردونواح میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث بالائی وادیوں کی رابطہ سڑکیں بند ہو چکی ہیں۔

Watch Live Public News