نادرا میں چہرے کی شناخت پر مبنی بائیومیٹرک تصدیقی سہولت کا آغاز

نادرا میں چہرے کی شناخت پر مبنی بائیومیٹرک تصدیقی سہولت کا آغاز
کیپشن: نادرا میں چہرے کی شناخت پر مبنی بائیومیٹرک تصدیقی سہولت کا آغاز

ویب ڈیسک: نادرا نے چہرے کی شناخت پر مبنی بائیومیٹرک تصدیقی سہولت متعارف کرا دی ہے، جس سے بزرگ شہریوں اور طبی مسائل کے باعث فنگر پرنٹس کی تصدیق میں دشواری کا سامنا کرنے والے افراد کو بڑی سہولت حاصل ہو گی۔

نادرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم اور وزیر داخلہ کی ہدایت پر متعدد اقدامات کیے گئے ہیں اور قومی شناختی کارڈ قوانین میں ترمیم کے ذریعے بایومیٹرک کی تعریف کو مزید وسیع کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق چہرے کی شناخت پر مبنی بایومیٹرک تصدیق کی سہولت کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ پاک آئی ڈی موبائل ایپ پر بھی اس سہولت کو فراہم کر دیا گیا ہے۔ نادرا مراکز میں 20 جنوری سے چہرے کی شناخت پر مبنی بایومیٹرک تصدیقی سرٹیفکیٹ کا اجرا شروع ہو جائے گا۔

نادرا کا کہنا ہے کہ شہری ضرورت پڑنے پر معمولی فیس کے عوض یہ سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے۔ اگر فنگر پرنٹس کی تصدیق ممکن نہ ہو تو شہری قریبی نادرا رجسٹریشن مرکز سے رجوع کریں گے، جہاں چہرے کی شناخت کا عمل مکمل ہونے کے بعد نادرا کی جانب سے تصدیقی سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔

اس سرٹیفکیٹ پر شہری کی تصویر، شناختی کارڈ نمبر، نام، ولدیت، منفرد ٹریکنگ آئی ڈی اور کیو آر کوڈ درج ہوگا، جبکہ یہ سرٹیفکیٹ سات دن کے لیے قابلِ استعمال ہوگا۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ نادرا اس نظام کے مکمل نفاذ کے لیے تیار ہے اور متعلقہ سرکاری و نجی اداروں سے ضروری اقدامات کی درخواست بھی کر دی گئی ہے۔ 20 جنوری کے بعد اگر کسی ادارے میں اس سہولت کی دستیابی سے متعلق شکایت ہو تو متعلقہ محکمے سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔ ڈیجیٹل آئی ڈی کے اجرا کے بعد یہ سہولت پاک آئی ڈی موبائل ایپ پر بھی دستیاب ہوگی۔

Watch Live Public News