(ویب ڈیسک ) مشہور یوٹیوبر رجب بٹ نے حال ہی میں کراچی میں یوٹیوبر نادر علی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اپنی آمدن سے متعلق چونکا دینے والے انکشافات کیے۔ اس انٹرویو میں رجب بٹ کے قریبی دوست ندیم نانی والا بھی موجود تھے۔
رجب بٹ نے بتایا کہ بیرونِ ملک قیام کے باوجود ان کی آمدن میں کوئی خاص کمی نہیں آئی۔ ان کا کہنا تھا کہ 1 یا 2 کروڑ روپے کا نقصان برداشت کرنا ان کے لیے مسئلہ نہیں تھا۔ تاہم یوٹیوب پر غیر حاضری کے باعث ان کی ویورشپ، جو پہلے 20 لاکھ کے قریب ہوتی تھی، عارضی طور پر کم ہوگئی۔
یوٹیوبررجب بٹ نے وضاحت کی کہ ان کی غیر موجودگی میں ان کے دوست چینل سنبھالتے رہے اور وہ خود مختصر وقت کے لیے نظر آتے تھے۔ انہیں یقین تھا کہ واپسی پر ناظرین دوبارہ لوٹ آئیں گے، اور اب واقعی ان کی ویورشپ بحال ہو چکی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان برسوں میں انہیں مجموعی طور پر تقریباً ڈھائی کروڑ روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔
اس موقع پر ندیم نانی والا نے انکشاف کیا کہ اگرچہ رجب بٹ ان مہینوں میں یوٹیوب پر فعال نہیں تھے، لیکن وہ روزانہ ٹک ٹاک لائیو پر آتے رہے۔ ان کے مطابق رجب بٹ نے ڈیڑھ ماہ میں ٹک ٹاک لائیو سے تقریباً 9 کروڑ روپے کمائے۔
رجب بٹ نے بتایا کہ انہوں نے یہ کمائی اپنے روزمرہ اخراجات پورے کرنے کے لیے کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ روزانہ صرف 2 سے 3 گھنٹے ٹک ٹاک لائیو کرتے تھے، اور اس مختصر وقت میں انہوں نے اتنی آمدن حاصل کی جتنی عام طور پر یوٹیوب سے 6 ماہ میں ہوتی ہے۔