کیلیفورنیا میں امریکی نیوی کا ایف-35 سی طیارہ گر کر تباہ

کیلیفورنیا میں امریکی نیوی کا ایف-35 سی طیارہ گر کر تباہ
کیپشن: کیلیفورنیا میں امریکی نیوی کا ایف-35 سی طیارہ گر کر تباہ

ویب ڈیسک: امریکی نیوی کا جدید ترین ایف-35 سی لڑاکا طیارہ بدھ کی شام وسطی کیلیفورنیا میں نیول ایئر اسٹیشن لیمر کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔ خوش قسمتی سے پائلٹ کو بروقت طیارے سے باہر نکلنے میں کامیابی حاصل ہوئی، جس کے باعث وہ محفوظ رہا۔

امریکی نیوی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ واقعہ شام تقریباً 6 بج کر 30 منٹ پر پیش آیا۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

مقامی ٹی وی چینل KFSN نے اس حادثے کی ویڈیو نشر کی، جس میں جائے وقوعہ سے آگ کے شعلے اور سیاہ دھویں کے بادل اٹھتے دکھائی دیے۔ طیارہ ایک کھلے اور ہموار زرعی علاقے میں گرا، جو نیول ایئر اسٹیشن لیمر سے تقریباً 64 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع ہے۔

فریسنو کاؤنٹی شیرف کے دفتر کے مطابق، ریسکیو ادارے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچے اور پائلٹ کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ کیلیفورنیا فائر ڈپارٹمنٹ (Cal Fire) نے بھی امدادی کارروائی میں حصہ لیا۔

نیوی کے مطابق تباہ ہونے والا طیارہ "اسٹریک فائٹر اسکواڈرن VF-125" (Rough Raiders) کا حصہ تھا، جو ایک فلیٹ ریپلیسمنٹ اسکواڈرن ہے اور پائلٹس و فضائی عملے کی تربیت کی ذمہ داری انجام دیتا ہے۔

ایف-35 سی، ایف-35 لائٹننگ II سیریز کی تین اقسام میں سے ایک ہے، جسے امریکی بحری بیڑوں (Aircraft Carriers) پر لینڈنگ اور آپریشن کے لیے خصوصی طور پر تیار کیا گیا ہے۔ دیگر ماڈلز میں ایف-35 اے (ایئر فورس کے لیے) اور ایف-35 بی (مرین کور کے لیے، جو شارٹ ٹیک آف اور ورٹیکل لینڈنگ کی صلاحیت رکھتا ہے) شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ایف-35 دنیا کے مہنگے ترین اور جدید ترین پانچویں نسل کے لڑاکا طیاروں میں سے ایک ہے، جس کی فی طیارہ قیمت تقریباً 10 کروڑ ڈالر (تقریباً 28 ارب پاکستانی روپے) بتائی جاتی ہے۔ رواں سال یہ ایف-35 طیارے کا دوسرا بڑا حادثہ ہے۔ اس سے قبل جنوری میں الاسکا کے ایئلسن ایئرفورس بیس پر ایک تربیتی مشن کے دوران ایف-35 اے کریش ہوا تھا، جس میں پائلٹ بھی محفوظ رہا تھا۔

Watch Live Public News