ندا یاسر نے شوہر کو قابو کرنے کا طریقہ بتا دیا

ندا یاسر نے شوہر کو قابو کرنے کا طریقہ بتا دیا
کیپشن: ندا یاسر نے شوہر کو قابو کرنے کا طریقہ بتا دیا

ویب ڈیسک: پاکستانی ٹی وی شو ہوسٹ اور اداکارہ ندا یاسر نے حال ہی میں ایک ٹی وی پروگرام کے دوران خواتین کو شوہروں پر قابو پانے کا دلچسپ نسخہ بتا دیا، جس پر سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔

ندا یاسر جو گزشتہ دو دہائیوں سے مارننگ شوز کی دنیا میں نمایاں مقام رکھتی ہیں، نہ صرف اپنی پروفیشنل زندگی میں سرگرم ہیں بلکہ اپنی ذاتی زندگی میں بھی شوبز فیملی کا حصہ ہیں۔ انہوں نے 2002 میں اداکار و ہدایتکار یاسر نواز سے پسند کی شادی کی، ان کے تین بچے ہیں: دو بیٹے فرید اور بالاج، اور ایک بیٹی صلہ۔

اپنے حالیہ مارننگ شو میں ندا نے ماڈل و اداکارہ ونیزہ احمد، اداکار فیضان شیخ اور ایک ماہرِ نفسیات کو مدعو کیا۔ پروگرام میں ازدواجی زندگی، تعلقات اور نفسیات پر بات چیت ہوئی۔ دورانِ گفتگو ندا نے اس پہلو پر بھی روشنی ڈالی کہ کیسے کچھ خواتین شوہروں کو سمجھ کر چالاکی سے قابو میں رکھ لیتی ہیں۔

ندا کا کہنا تھا کہ "لوگ اکثر ایسی خواتین پر تنقید کرتے ہیں جن کے شوہر ان کے قابو میں نظر آتے ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ وہ عورت اپنے شوہر کی نفسیات کو سمجھ چکی ہوتی ہے۔" انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی ایک قریبی دوست نے شوہر کی عادات اور پسندیدگیوں کو اتنا جان لیا تھا کہ اب وہ شخص بغیر ذائقے کے کھانے بھی خوشی خوشی کھا لیتا ہے۔

ندا کا ماننا ہے کہ اگر کوئی عورت اپنے شوہر کو قابو میں رکھنا چاہتی ہے تو سب سے پہلے اسے اس کے ذہن، عادتوں اور رویے کو سمجھنا ہوگا۔

ندا کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا۔ کچھ صارفین نے ان کی بات سے اتفاق کیا اور اسے ازدواجی زندگی کے لیے مثبت مشورہ قرار دیا، جبکہ بعض نے ندا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر بار غیر ضروری موضوعات چھیڑ کر خبروں میں رہنا چاہتی ہیں۔ یاد رہے کہ کچھ روز قبل بھی انہیں گھر میں چوری سے متعلق بیان پر آن لائن ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

Watch Live Public News