کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا کو نشانِ امتیاز (ملٹری) دینے کی منظوری

کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا کو نشانِ امتیاز (ملٹری) دینے کی منظوری
کیپشن: کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا کو نشانِ امتیاز (ملٹری) دینے کی منظوری

ویب ڈیسک: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا کو اعلیٰ عسکری اعزاز نشانِ امتیاز ( ملٹری) عطا کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق یہ منظوری جنرل سید عامر رضا کی قومی دفاع اور پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں دی گئی۔ جنرل سید عامر رضا نے گزشتہ ہفتے ملک کے پہلے کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔ اس موقع پر جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جبکہ انہوں نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اس سے قبل 24 جولائی کو وزیراعظم شہباز شریف نے جنرل سید عامر رضا کو فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دیتے ہوئے کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ مقرر کیا تھا۔ بعد ازاں انہوں نے چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھی ملاقات کی۔

واضح رہے کہ 27ویں آئینی ترمیم کے تحت کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کا نیا عہدہ متعارف کرایا گیا، جبکہ سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے عہدے کی جگہ چیف آف ڈیفنس فورسز اور کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کے دو نئے عہدے قائم کیے گئے۔

آئینی ترمیم کے مطابق وزیراعظم، چیف آف ڈیفنس فورسز کی سفارش پر کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کی ابتدائی تین سالہ مدت کے لیے تقرری کریں گے، جبکہ سفارش کی صورت میں مزید تین سال کی توسیع بھی دی جا سکے گی۔ اس کے علاوہ وزیراعظم کو اس عہدے کی سروس شرائط اور قواعد و ضوابط طے کرنے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔

Watch Live Public News