ویب ڈیسک:اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان و دیگر خلاف تھانہ رمنا میں درج 2 مقدمات کی سماعت 28 جون تک ملتوی کردی۔
تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان و دیگر خلاف تھانہ رمنا میں درج 2 مقدمات کی سماعت اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کی۔سینٹر شبلی فراز، علی نواز اعوان ،واثق قیوم و دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔پی ٹی آئی وکلاء سردار محمد مصروف ایڈووکیٹ ،نعیم پنجھوتھا ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
پی ٹی آئی وکیل نے کہا کہ ان دونوں مقدمات میں 50 سے زائد ملزمان ڈسچارج ہوچکے ہیں،باقی لوگ روپوش ہونے کیوجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہوسکے تھے،اب جو ملزمان پیش ہورہے ہیں انکو 265 ڈی کے تحت ڈسچارج کردیا جائے۔
جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیئے کہ ابھی کیس اس اسٹیج پر نہیں آیا کہ ان ملزمان کے حوالے سے کوئی فیصلہ کیا جائے۔
پی ٹی آئی وکیل نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے پروڈکشن آرڈر کے حوالے سے گزشتہ سماعت پر رپورٹ طلب کی گئی تھی۔
جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیئے کہ ابھی تک اس رپورٹ پر کوئی جواب نہیں آیا،تمام ملزمان کی حاضری مکمل کی جائے تاکہ کیس کو آگے چلایا جا سکے۔
بعد ازاں عدالت نے کیسز کی سماعت 28 جون تک ملتوی کردی۔