دبئی میں بھیک مانگنےوالا نیٹ ورک بے نقاب،41 بھکاری گرفتار

 دبئی میں بھیک مانگنےوالا نیٹ ورک بے نقاب،41 بھکاری گرفتار
کیپشن: دبئی میں بھیک مانگنےوالا نیٹ ورک بے نقاب،41 بھکاری گرفتار

ویب ڈیسک: دبئی پولیس نے ایک خفیہ آپریشن کے دوران منظم انداز میں بھیک مانگنے والے گروہ کو گرفتار کر لیا ہے، جس کے 41 افراد ہوٹل میں قیام پذیر تھے اور مختلف علاقوں میں بھیک مانگنے میں ملوث پائے گئے۔

تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہناہےکہ گرفتار شدگان کے قبضے سے 60,000 درہم سے زائد کی نقدی برآمد کی گئی، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 46 لاکھ روپے کے برابر ہے۔

یہ کارروائی "المسباح" کے نام سے کیے گئے ایک خفیہ آپریشن کے تحت عمل میں لائی گئی، جس کی نگرانی جنرل ڈپارٹمنٹ آف کرمنل انویسٹیگیشن کے سسپیکٹس اینڈ کرمنل فینومینا ڈیپارٹمنٹ نے کی۔

وزٹ ویزوں پر داخلہ، بھیک مانگنے کے لیے مذہبی چیزوں کا سہارا

پولیس حکام کے مطابق یہ تمام افراد عرب ممالک سے وزٹ ویزوں پر متحدہ عرب امارات آئے تھے اور دبئی کے مختلف علاقوں میں لوگوں سے ہمدردی حاصل کرنے کے لیے دعا کی مالائیں اور دیگر مذہبی اشیاء فروخت کرتے ہوئے بھیک مانگ رہے تھے۔

901 کال سینٹر کی اطلاع پر کارروائی

آپریشن کا آغاز اس وقت ہوا جب دبئی پولیس کو 901 کال سینٹر پر شکایات موصول ہوئیں کہ کچھ افراد مذہبی اشیاء بیچنے کی آڑ میں عوام سے بھیک مانگ رہے ہیں۔ اس اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے مخصوص علاقوں میں نگرانی کا دائرہ بڑھایا۔

گروہ سے تعلق کا اعتراف

کارروائی کے دوران تین عرب باشندوں کو موقع پر گرفتار کیا گیا، جنہوں نے ابتدائی تفتیش میں اقرار کیا کہ وہ ایک منظم گروہ کا حصہ ہیں، جس کا مقصد دبئی میں منظم انداز سے بھیک مانگنا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ایسے گروہ نہ صرف قانون کی خلاف ورزی کرتے ہیں بلکہ معاشرتی توازن کو بھی متاثر کرتے ہیں۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بھیک مانگنے والے افراد کو عطیات دینے کے بجائے مستند خیراتی اداروں کا انتخاب کریں۔

Watch Live Public News