سیکیورٹی فورسز کی رزمک میں خفیہ اطلاعات پر کارروائی، 5 خوارج ہلاک، میجر حافظ احسان الٰہی شہید

سیکیورٹی فورسز کی رزمک میں خفیہ اطلاعات پر کارروائی، 5 خوارج ہلاک، میجر حافظ احسان الٰہی شہید

(ویب ڈیسک) آئی ایس پی آر کے مطابق میجر حافظ احسان الٰہی جوانوں کی قیادت اگلے مورچوں سے کرتے ہوئے بہادری سے لڑے اور جامِ شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق یکم اگست 2026 کو سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا،آپریشن بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا، آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی میں بھارت کے سرپرست پانچ خوارج ہلاک کر دیے گئے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر حافظ احسان الٰہی شہید ہو گئے، 34 سالہ میجر حافظ احسان الٰہی کا تعلق ضلع میانوالی سے تھا۔میجر حافظ احسان الٰہی جوانوں کی قیادت اگلے مورچوں سے کرتے ہوئے بہادری سے لڑے اور جامِ شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا،ہلاک خوارج سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں پر متعدد دہشت گرد حملوں میں ملوث تھے۔علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے بھارتی سرپرست خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت "عزمِ استحکام" وژن کے مطابق انسداد دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی،پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے،ہمارے بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں ہر قیمت پر وطن کے دفاع کے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔

Watch Live Public News