لاہور: نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ سموگ کی صورتحال کے پیش نظر تعلیمی ادارے کل بند رہیں گے جبکہ مارکیٹیں، ریسٹورنٹس اور کاروباری ادارے کل اور پرسوں معمول کے مطابق کھلیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ آفس میں کابینہ کمیٹی برائے انسداد سموگ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سموگ کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ ماہرین ماحولیات اور صحت نے سموگ میں کمی اور سموگ کے مضر اثرات سے بچانے کے لئے تجاویز پیش کیں۔اجلا س میں ماہرین ماحولیات اور صحت کی سفارشات کی روشنی میں بعض اہم فیصلے کیے گئے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ان فیصلوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی ادارے کل بروز ہفتہ بند رہیں گے۔ مارکیٹیں، بازار اور کاروباری ادارے کل اور پرسوں معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔ ریسٹورنٹس اور دیگر بزنس ہاؤسز بھی معمول کے مطابق کھلے رہیں گے جبکہ 18دسمبر سے پنجاب کے تعلیمی اداروں میں میں موسم سرما کی تعطیلات ہوں گی۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے انتظامیہ، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، پی ایچ اے کو ہدایت کی کہ سڑکوں کی صفائی اور پانی کے چھڑکاؤ کا عمل بدستور جاری رکھا جائے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف موثر کریک ڈاؤن کا حکم د یتے ہوئے کہا کہ ٹائر جلانے والی فیکٹریوں کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔ محسن نقوی نے کہا کہ سموگ میں کمی کے لئے جو کچھ انسانی بس میں ہے وہ اقدام اٹھارہے ہیں۔ پوری کوشش ہے کہ ایئرکوالٹی انڈیکس کم سے کم رہے۔ صوبائی وزراء، ایس ایم تنویر، ڈاکٹر جاوید اکرم، منصور قادر،عامر میر، اظفر علی ناصر، ابراہیم حسن مراد،بلال افضل، چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔