بجلی چوری روکنے کیلئے اب پورا فیڈر نہیں بلکہ صرف مخصوص ٹرانسفارمر بند کرنے کا فیصلہ

بجلی چوری روکنے کیلئے اب پورا فیڈر نہیں بلکہ صرف مخصوص ٹرانسفارمر بند کرنے کا فیصلہ

(ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے بجلی چوری کے تدارک، بل ادا کرنے والے صارفین کو بلا تعطل سپلائی یقینی بنانے اور لوڈ مینجمنٹ کو مؤثر انداز میں چلانے کے لیے فیڈر کے بجائے براہِ راست ٹرانسفارمر کی سطح پر بجلی آن اور آف کرنے کا جدید نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے توانائی کے شعبے میں متعارف کرائے جانے والے اصلاحاتی اقدامات کی تفصیلات بتائیں۔

انہوں نے کہا کہ اس جدید نظام کے تحت جس مخصوص ٹرانسفارمر پر بجلی چوری ہو رہی ہوگی، صرف اسی کو دور بیٹھ کر بند کیا جا سکے گا، جس سے پورا فیڈر بند کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی اور ایمانداری سے بل ادا کرنے والے دیگر صارفین لوڈ شیڈنگ سے محفوظ رہیں گے۔

اویس لغاری نے کہا کہ ملک بھر میں ایک لاکھ نوے ہزار (190,000) ٹرانسفارمرز کے اوپر یہ اسمارٹ آن آف سسٹم لگایا جا رہا ہے۔ یہ ایک نیا اور مؤثر تصور ہے جو دنیا کے کئی ترقی یافتہ ممالک میں کامیابی سے استعمال ہو رہا ہے، اور اس منصوبے کے لیے ریگولیٹری فریم ورک آئندہ سال اپریل یا مئی تک حتمی شکل میں فراہم کر دیا جائے گا۔

وفاقی وزیر توانائی  کا کہناتھا کہ نیٹ میٹرنگ سسٹم کے ضوابط میں تبدیلی کے نتیجے میں صارفین نے بیٹریاں لگانا شروع کی ہیں، جس سے گرڈ پر انحصار متوازن ہوا ہے۔انہوں نے مؤقف اپنایا کہ اس پالیسی کے ذریعے تین سے چار لاکھ مراعات یافتہ صارفین کا مالی بوجھ باقی ساڑھے تین کروڑ عام صارفین پر منتقل ہونے سے روک دیا گیا ہے۔

اویس لغاری نے توانائی کی بین الاقوامی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے باعث پیٹرولیم ڈویژن ایل این جی (LNG) کے مطلوبہ کارگوز حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا کر رہا ہے۔ موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر ملکی ضروریات پوری کرنے کے لیے دستیاب مقامی قدرتی گیس کو انتہائی حکمت اور فہم و فراست کے ساتھ مینیج کیا جا رہا ہے۔

Watch Live Public News