ویب ڈیسک: مری، گلیات اور وادی لیپہ میں برفباری نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا، گلیات میں 4 سے 5 انچ برف پڑ چکی ہے، مری میں بھی برفباری کا آغاز ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی شاہ رخ نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایبٹ آباد گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا سٹاف مری روڈ پر ٹریفک روانی برقرار رکھنے کیلئے موجود ہے۔
ہیوی مشینری کے ساتھ راستوں کو کلیئر کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ گلیات آنے والے سیاح اپنے ساتھ گرم ملبوسات لائیں، گاڑیوں کو سڑک کے کنارے کی بجائے محفوظ مقام میں پارک کریں۔
ملکہ کوہسار مری میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، مری میں ٹھنڈی ہواؤں کے چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ مری میں دھند اور بادلوں نے وادی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
مری سٹی ٹریفک پولیس نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھند کے دوران فوگ لائٹس کا استعمال کریں، مری جانے سے قبل موسم اور ٹریفک کی صورتحال جانچ لیں۔
سدھنوتی، تراڑکھل اور پلندری میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ہے، وادی لیپہ کے بلند مقامات بتھواڑ گلی روڈ، شیر گلی روڈ، پنجال گلی داؤ کھن، ریشیاں شمس پری، شیشہ مالی برف سے ڈھک گئے ہیں۔
وادی لیپہ کا برف باری کی وجہ سے زمینی رابطہ دارالحکومت سے کٹ گیا ہے، وادی لیپہ بلند مقامات پر ایک فٹ سے زیادہ برف پڑ چکی ہے جبکہ گاؤں میں چار انچ تک برف باری ریکارڈ ہو چکی ہے۔
وادی لیپہ میں برف باری اور راستوں کی بندش کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، وادی لیپہ میں برف باری کا سلسلہ مزید 12 گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے/ مری برفباری/ صورتحال
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مری میں بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے ۔آئندہ 24 گھنٹوں تک مزید بارش و برف باری کے امکانات ہیں۔گزشتہ رات سے مری میں 2. 5 انچز برفباری ریکارڈ کی گئی، بارش اور برف باری کے باعث سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوسکتی ہے ۔سڑکوں پر انتظامیہ کی جانب سے نمک کا چھڑکاﺅ کیا جارہا ہے ۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مری انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات کردیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ انتظامیہ الرٹ ر ہے ، کسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے،شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے، مری میں سیاحوں کی رہنمائی کے لیے 13 فسیلیٹیشن مراکز قائم ہیں،سیاحوں سے گزارش ہے کہ موسم کی صورت حال کا جائزہ لے کر سفرپر نکلیں۔تمام ادارے عوام الناس کی خدمت میں مصروف ہیں ۔شہری احتیاط کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں،ایمرجنسی کی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں ۔