سنگاپور: پولیس کو بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کااختیار مل گیا

سنگاپور: پولیس کو بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کااختیار مل گیا
کیپشن: سنگاپور: پولیس کو بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کااختیار مل گیا

ویب ڈیسک: (علی زیدی) حکومت نے اسکیمز اور مالی فراڈ سے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ایک نیا قانون نافذ کر دیا ہے، جس کے تحت پولیس کو یہ اختیار حاصل ہو گیا ہے کہ وہ کسی بھی ممکنہ متاثرہ شخص کے بینک اکاؤنٹ کو جزوی یا مکمل طور پر منجمد کر سکے، اگر شبہ ہو کہ وہ دھوکہ دہی کا نشانہ بن رہا ہے۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق"پروٹیکشن فرام اسکیمز ایکٹ" کے تحت پولیس نہ صرف متاثرہ فرد کو رقوم کی منتقلی سے روک سکتی ہے، بلکہ اس کی اے ٹی ایم اور کریڈٹ سروسز تک رسائی بھی بند کی جا سکتی ہے ۔ چاہے وہ شخص خود اس خطرے کو تسلیم نہ کر رہا ہو۔

تاہم، سنگاپور کی وزارت داخلہ (MHA) کے مطابق متاثرہ فرد اپنے یومیہ اخراجات، بلوں کی ادائیگی یا دیگر جائز مقاصد کے لیے رقم استعمال کر سکتا ہے، لیکن یہ صرف پولیس کی اجازت سے ممکن ہوگا۔

قانون کے تحت پولیس 30 دن کے لیے اکاؤنٹ پر کنٹرول حاصل کر سکتی ہے، اور اگر ضرورت محسوس ہو تو یہ مدت زیادہ سے زیادہ پانچ مرتبہ مزید 30 دن کے لیے بڑھائی جا سکتی ہے۔

تنقید اور حمایت:

اس قانون پر کچھ حلقوں کی جانب سے اختیارات کے غلط استعمال اور شفافیت کی کمی پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ جنوری میں پارلیمان میں بعض ارکان نے یہ تجویز بھی دی کہ شہریوں کو اختیار دیا جائے کہ وہ قانون سے مستثنیٰ ہونے کا انتخاب کر سکیں یا اپنے اکاؤنٹ کو منجمد کرنے کا اختیار کسی معتمد فرد کو دے سکیں۔

اس کے برعکس، قانون کے حامیوں کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ناگزیر ہو چکا تھا کیونکہ دھوکہ دہی کا شکار افراد کی مالی بربادی بہت بڑھ چکی ہے۔

وزارت داخلہ نے وضاحت کی ہے کہ اکاؤنٹ کو منجمد کرنے کا فیصلہ آخری راستہ ہوگا، اور پہلے متاثرہ شخص اور اس کے اہل خانہ کو قائل کرنے کی مکمل کوشش کی جائے گی۔

پس منظر:

سنگاپور میں مالی فراڈ کے کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ 2020 میں تقریباً 15,600 کیسز رپورٹ ہوئے تھے، جب کہ 2024 میں یہ تعداد 50,000 سے تجاوز کر گئی ہے۔

عام اسکیمز میں جعلی ملازمتیں، سرمایہ کاری، اور ای کامرس فراڈ شامل ہیں، جب کہ آن لائن رومانس اسکیمز میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جن میں دھوکے باز مہینوں تک جعلی تعلقات بنا کر متاثرین سے رقم نکلوا لیتے ہیں۔

یاد رہے کہ 2023 میں بھی سنگاپور میں بینک صارفین کو اپنے اکاؤنٹ کی مخصوص رقم کو لاک کرنے کی سہولت دی گئی تھی، جب کہ بیشتر بینک "ایمرجنسی کل سوئچ" کا فیچر بھی متعارف کر چکے ہیں، جس سے صارفین فوری طور پر اپنا اکاؤنٹ منجمد کر سکتے ہیں۔

Watch Live Public News

کونٹینٹ پروڈیوسر