اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش، متعدد علاقے زیرِ آب، تعلیمی ادارے بند

اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش، متعدد علاقے زیرِ آب، تعلیمی ادارے بند
کیپشن: اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش، متعدد علاقے زیرِ آب، تعلیمی ادارے بند

ویب ڈیسک: اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے باعث متعدد آبادیاں زیرِ آب آگئیں، پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا جبکہ کئی سڑکیں اور نشیبی علاقے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے۔

شدید بارش کے پیش نظر راولپنڈی کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں آج تعطیل کا اعلان کردیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش رات 3 بج کر 20 منٹ پر شروع ہوئی جو صبح 8 بجے تک جاری رہی۔ اس دوران کئی علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

راولپنڈی میں پیرودھائی سے ملحقہ صفدرآباد، گلی لوہاراں اور فوجی کالونی میں متعدد گھر پانی میں ڈوب گئے، جبکہ یونین کونسل 4 اور 5 کے علاقے بھی زیرِ آب آگئے۔ اعوان کالونی میں کئی گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں جبکہ راولپنڈی کا ماڈل راجہ بازار بھی بارش کے پانی سے متاثر ہوا۔

شدید بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح بھی مسلسل بلند ہورہی ہے۔ کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 27 فٹ جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر بہاؤ 21 فٹ ریکارڈ کیا گیا۔ صورتحال کے پیش نظر نالہ لئی کے قریب آبادیوں کے رہائشیوں کو انخلا کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

بارش کے باعث اسلام آباد ایکسپریس وے پر بھی شدید ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

واسا حکام کے مطابق شمس آباد میں سب سے زیادہ 197 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ گولڑہ میں 157، نیوکٹاریاں میں 184، پی ایم ڈی میں 146 جبکہ پیرودھائی میں 86 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

موسلادھار بارش اور ممکنہ خطرات کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر نے راولپنڈی کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے آج بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

Watch Live Public News