(ویب ڈیسک ) دولہے کا’چولی کے پیچھے کیا ہے‘ گانےپر ڈانس، سسر نے اپنی بیٹی کی شادی ختم کرکے بارات کو واپس لوٹا دیا۔
شادی بیاہ میں گانوں پر رقص کرنا آج کل ایک ٹرینڈ بن چکا ہے لیکن بھارت میں ایک دُلہے کو اپنی شادی کا رقص کر کے جشن منانا مہنگا پڑگیا ہے۔ دلہے کا’چولی کے پیچھے کیا ہے‘ گانےپر ڈانس کرنے پر سسر نے اپنی بیٹی کی شادی ختم کرکے بارات کو واپس لوٹا دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ نئی دہلی میں پیش آیا، دُلہا نے دوستوں کے اصرار پر بالی وڈ فلم کھل نائیک کے مشہور گانے ’’چولی کے پیچھے کیا ہے‘‘ پر ڈانس کیا۔ اس دوران دلہن کے والد نے اس رقص پر اعتراض اُٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے خاندان کی اقدار کے منافی ہے۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ دُلہن کے والد نے شادی منسوخ کردی اور بارات کو خالی ہاتھ واپس لوٹا دیا۔ اس دوران دُلہن اپنے والد کے آگے روتی رہی لیکن انھوں نے ایک نہ سنی۔
دلہا کے اہل خانہ نے سمجھا کہ شاید دلہن کے والد غصہ ٹھنڈا ہوجائے گا اور بات چیت دوبارہ شروع ہوجائے گی لیکن دلہن کے والد نے کہا کہ یہ فیصلہ اٹل ہے۔
اس واقعے کی خبر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر تیزی سے وائرل ہوگئی، جس پر صارفین نے طرح طرح کے تبصرے شروع کردیے۔
ایک سوشل میڈیا صارف نے کہا کہ ”بچارہ دُلہا اپنی شادی کی پلے لسٹ کا ہی شکار ہوگیا“، تو ایک نے لکھا کہ ”چولی کے پیچھے چلا دوگے تو میں بھی ناچ لوں گا اپنی شادی میں“۔
ایک خاتون صارف نے لکھا کہ ”ایسا ناچنے والا دُلہا مل جائے تو کل ہی شادی کرلوں“۔