ویب ڈیسک: ملک کے مختلف علاقوں میں شدید دھند چھائی ہوئی ہے جس کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی، جبکہ موٹر ویز کو متعدد مقامات سے بند کر دیا گیا ہے۔
موٹر وے پولیس کے ترجمان کے مطابق موٹر وے ایم ون پشاور سے رشکئی، ایم ٹو لاہور سے بالکسر اور ایم تھری لاہور سے ملتان تک ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ موٹر وے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے ملتان، ایم فائیو ملتان سے سکھر اور ایم الیون لاہور سے سیالکوٹ تک بند ہے۔
قومی شاہراہوں پر بھی دھند کا راج ہے۔ بہاولپور، احمد پور شرقیہ، ترنڈہ محمد پناہ، اقبال آباد، رحیم یار خان، داؤدخیل اور صادق آباد میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ 0 سے 100 میٹر تک محدود ہو چکی ہے۔
موٹر وے پولیس کے ترجمان سید عمران احمد نے بتایا کہ موٹر ویز کی بندش کا مقصد شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہے، کیونکہ دھند کے دوران لین کی خلاف ورزی خطرناک حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔ انہوں نے روڈ یوزرز کو لین ڈسپلن پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی۔
ترجمان کے مطابق شہری دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں، جبکہ دھند کے دوران صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک کا وقت نسبتاً محفوظ تصور کیا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دھند میں ڈرائیور حضرات فوگ لائٹس کا لازمی استعمال کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں، تیز رفتاری سے بچیں اور آگے چلنے والی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں۔ کسی بھی رہنمائی یا مدد کے لیے موٹر وے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔