کیا ایران اور سعودی عرب کو روس-یوکرین جنگ کا فائدہ ہو گا؟

کیا ایران اور سعودی عرب کو روس-یوکرین جنگ کا فائدہ ہو گا؟
کیا ایران اور سعودی عرب کو روس-یوکرین جنگ کا فائدہ ہو گا؟ اس سوال کا جوب جاننے سے پہلے یہ جاننا ضروری ہے کہ یورپی ممالک جو یوکرین کے ساتھ کھڑے ہیں ان کی تیل اور گیس کی کھپت کا 35 فیصد حصہ روس سے آتا ہے، ویسے بھی گیس کے ریزرو کے معاملے میں روس دنیا میں سر فہرست ہے اور اس کے بعد دوسرے نمبر پر ایران ہے۔ مانا یہ جا رہا تھا کہ روس اور یوکرین جنگ کا سب سے زیادہ فائدہ ایران اور سعودی عرب کو ہوگا، لیکن دونوں ممالک کے روس سے جو سیاسی تعلقات ہیں اس کی وجہ سے دونوں ایسا کوئی بھی فیصلہ نہیں لے رہے ہیں جس کا اثر روس کی معیشت پر پڑے، لیکن ماہرین کی رائے اس پر مختلف ہے۔ ایران میں اقتصادیات کے ماہرین کا مشورہ ہے کہ ایرانی حکومت یوکرین پر روسی جارحیت کو اپنی معیشت بہتر بنانے کے لئے استعمال کر سکتی ہے۔ واضح رہے کئی سالوں سے ایران پر عالمی پابندیوں اور تیل کی برآمدات پر پابندی کی وجہ سے ایران کی معیشت پر بہت خراب اثر پڑا ہے۔ روس کیونکہ یوروپی ممالک میں تیل اور گیس سپلائی کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے اور جنگ کی وجہ سے یورپی اور مغربی ممالک نے روس پر پابندیاں عائد کر دی ہیں، اس لئے ایران کو یہ نئی مارکیٹ مل سکتی ہے۔ ایران اگر چاہے تو وہ دنیا کے لئے تیل اور گیس کی ضرورتوں کو پورا کرنے کا ذریعہ بن سکتا ہے اور ماہرین کا کہنا ہے کہ جنگ میں شدت آنے کی صورت میں ایران کے پاس یورپ کو ایندھن کی ضرورتیں پورا کرنے کا موقع ہوگا۔ اس تعلق سے ایران کے ماہر اقتصادیات علی ماروی کا کہنا ہے کہ ایران اس موقع کو استعمال کر سکتا ہے اگر اس سے روس کے ساتھ اس کے تعلقات خراب نہ ہوں۔ روس سے سیاسی تعلقات کی وجہ سے ایران شائد اس موقع کا استعمال نہ کر پائے۔ واضح رہے کہ امریکہ کے صدر جو بایئڈن نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے فون پر بات کی تھی اور تیل کی پیداوار کو بڑھانے کے لئے کہا تھا، لیکن اس کے باوجود سعودی عرب نے پٹرولیم ایکسپورٹنگ ممالک پلس گروپ (OPEC+) کی تنظیم سے اپنے وعدوں کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی پیداوار کی سطح بڑھانے سے انکار کر دیا۔ OPEC+ گروپ 13 رکن ممالک کے علاوہ روس کی نمائندگی کرتا ہے، جس میں تیل کی عالمی پیداوار کا 44 فیصد اور دنیا کے 'ثابت شدہ' تیل کے ذخائر کا 81.5 فیصد ہے۔ واضح رہے جتنا زیادہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا اتنا روس کو پابندیوں کی وجہ سے پیدا ہونے والا معاشی اثر کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ اس کے ساتھ یہ بھی وجہ ہے کہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے امریکہ اور یورپی ممالک میں مہنگائی بڑھے گی جس کا فائدہ روس کو ہوگا۔

Watch Live Public News