لاہور سمیت ملک بھر میں بارشوں اور آندھی نے گرمی کا زور توڑ دیا

لاہور سمیت ملک بھر میں بارشوں اور آندھی نے گرمی کا زور توڑ دیا
کیپشن: لاہور سمیت ملک بھر میں بارشوں اور آندھی نے گرمی کا زور توڑ دیا

ویب ڈیسک: ملک کے کئی علاقوں میں تیز آندھی اور موسلا دھار بارش نے گرمی کی شدت کو کم کر دیا ہے۔ اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف شہروں پر بادل جم کر برسے۔

اسلام آباد میں کالی گھٹاؤں کے ساتھ شدید بارش ہوئی، جس سے دن کے وقت اندھیرا چھا گیا۔ جی 12 مہرب آبادی میں زیر تعمیر عمارت پر شٹرنگ گرنے سے دو مزدور جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے۔

راولپنڈی، لاہور، میانوالی، جہلم اور گجرات سمیت کئی شہروں میں تیز بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔ لاہور میں آندھی اور بارش کے باعث پی ایس ایل میں لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا میچ منسوخ کر دیا گیا۔

سرگودھا میں تیز گرد آلود ہوائیں چلنے سے بجلی کا نظام متاثر ہوا۔ ایک مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور پانچ سے زائد زخمی ہو گئے۔

آزاد کشمیر کے مظفرآباد، میرپور، سماہنی، باغ اور کوٹلی میں بھی موسلا دھار بارش نے موسم کو خنک کر دیا۔ ایبٹ آباد میں دن کے وقت اندھیرا چھا گیا اور بادل خوب برسے۔ مانسہرہ، ہنگو اور بنوں میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔

تیز ہواؤں اور بارش کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ خراب موسم کے باعث فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا۔ آٹھ پروازوں کو متبادل ایئرپورٹس پر اتارا گیا جبکہ گیارہ پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔

دوسری جانب سندھ اور بلوچستان میں شدید گرمی برقرار رہی۔ سبی، نوابشاہ، لاڑکانہ اور سکھر میں درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ 

بارش سے بجلی کی آنکھ مچولی، مختلف شہروں میں نظام متاثر
پنجاب کے کئی علاقوں میں بارش کے باعث بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ تیز بارش اور آندھی کے نتیجے میں متعدد شہروں میں فیڈرز ٹرپ کر گئے جس سے بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے۔

جمعرات کو لاہور میں 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی آندھی اور اس کے بعد ہونے والی بارش کے باعث 565 سے زائد فیڈرز بند ہو گئے۔ فیصل آباد میں بھی 150 فیڈر ٹرپ کر گئے، جس سے متعدد علاقوں کو بجلی کی بندش کا سامنا رہا۔

اسلام آباد میں صورتحال کچھ بہتر رہی جہاں بارش کے بعد 80 فیصد سے زائد فیڈرز پر بجلی کی فراہمی بحال کر دی گئی۔

گوجرانوالہ، گجرات، منڈی بہاءالدین، کامونکی، حافظ آباد، سیالکوٹ اور وزیر آباد سمیت کئی شہروں میں بارش نے معمولات زندگی کو متاثر کیا۔ چکوال، جہلم اور بہاولنگر میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔

میانوالی میں موسلا دھار بارش کے ساتھ ژالہ باری ہوئی جبکہ سرگودھا میں ایک گھر کی دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور چار بچے زخمی ہو گئے۔

Watch Live Public News