عام انتخابات کیس، انتخابات 11 فروری کو کرائے جائیں گے، وکیل الیکشن کمیشن

عام انتخابات کیس، انتخابات 11 فروری کو کرائے جائیں گے، وکیل الیکشن کمیشن
سپریم کورٹ میں ملک میں عام انتخابات 90 روز میں کرانے کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کے دوران الیکشن کمیشن آف پاکستان کے وکیل نے کہا ہے کہ 11 فروری کو الیکشن کرادیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 90 روز میں عام انتخابات کرانے کے کیس کی سماعت ہوئی، وکیل الیکشن کمیشن نے عدالت میں بیان دیا کہ انتخابات 11 فروری کو کرائے جائیں گے۔ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کے وکیل کو تنبیہ کی کہ سوچ سمجھ کر جواب دیں۔ چیف جسٹس نے پوچھا کیا انتخابات کی تاریخ سے متعلق صدر پاکستان آن بورڈ ہیں؟ الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا 30 نومبر تک حلقہ بندیاں مکمل ہو جائیں گی۔ 5 دسمبر کو حتمی فہرستیں مکمل ہو جائیں گی۔ 5 دسمبر سے 54 دن گنیں تو 29 جنوری بنتی ہے۔ 29 جنوری کو حلقہ بندیوں سمیت تمام انتظامات مکمل ہو جائیں گے، عوام کی آسانی کے لئے الیکشن ڈے کے لیے اتوار ڈھونڈ رہے تھے۔ 4 فروی کو پہلا اور 11 فروری کو دوسرا اتوار بنتا ہے، اپنے طور پر فیصلہ کیا کہ 11 فروری والے اتوار کو الیکشن کرائے جائیں۔ چیف جسٹس کی ہدایت کے بعد الیکشن کمیشن نے صدر سے ملاقات کی حامی بھر لی، چیف جسٹس نے کہا کہ جا کر صدر مملکت کا دروازہ کھٹکھٹائیں، صدر کے ملٹری سیکرٹری کو فون کریں، تحریری اجازت کی ضرورت نہیں ہے۔ اس ملاقات میں سیاسی جماعتوں کا کوئی کردار نہیں ہو گا، عدالت صرف الیکشن چاہتی ہے، کسی اور بحث میں نہیں پڑنا چاہتے، جو تاریخ طے ہوگئی اس پر الیکشن کرانا ہو گا۔ صدر اور الیکشن کمشین کے درمیان جو بھی طے ہو عدالت کو تحریری طور پر آگاہ کیا جائے، تحریر پر صدر اور الیکشن کمیشن کے دستخط ہونا بھی لازمی ہیں. چیف جسٹس نے کہا کہ یہ تاریخ پتھر پر لکیر تصور ہو گئی، تاریخ بدلنے نہیں دیں گے، سپریم کورٹ اپنے فیصلے پر عملدرآمد کرائے گی.

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔