ویب ڈیسک: بھارتی دارالحکومت دہلی میں پولیس نے گولڈی برار گینگ سے وابستہ دو شوٹرز کو فائرنگ کے تبادلے کے بعد گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کا مبینہ ہدف معروف کامیڈین منور فاروقی تھے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ شوٹرز نے گینگسٹرز روہت گوڈارا، گولڈی برار اور ویرندر چرن کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے منور فاروقی کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ انہوں نے اپنے ہدف کی نقل و حرکت کی نگرانی کے لیے ممبئی اور بنگلور کا بھی دورہ کیا تاکہ حملہ مؤثر اور کامیاب بنایا جا سکے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ خفیہ اطلاع پر کالندی کنج-پُشتہ روڈ پر رات گئے جال بچھایا گیا۔ صبح تقریباً 3 بجے جب ایک مشکوک موٹرسائیکل کو روکا گیا تو اس پر سوار شوٹرز نے فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے جوابی کارروائی میں دونوں ملزمان کو ٹانگوں میں گولی مار کر زخمی کیا اور بعد ازاں گرفتار کر لیا۔ ملزمان کو ابتدائی طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے کارروائی کے دوران شوٹرز کے قبضے سے اسلحہ اور موٹرسائیکل بھی برآمد کر لی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس کامیاب آپریشن سے نہ صرف منور فاروقی کی جان بچائی گئی بلکہ گینگ کی آئندہ ممکنہ کارروائیوں کو بھی روکا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گولڈی برار گینگ اس سے قبل بھی کئی شوبز شخصیات کو نشانہ بنانے یا دھمکیاں دینے میں ملوث رہا ہے۔ حالیہ دنوں میں ممبئی کرائم برانچ نے کامیڈین کپل شرما کو دھمکیاں دینے کے الزام میں دلیپ چودھری نامی شخص کو گرفتار کیا تھا جس نے خود کو گینگ کا رکن ظاہر کیا۔
اس کے علاوہ 12 ستمبر کو دو مسلح موٹرسائیکل سواروں نے اداکارہ دشا پٹانی کے گھر کے باہر فائرنگ کی جس کی ذمہ داری گینگ نے سوشل میڈیا پر قبول کی تھی۔ مئی میں مشہور ریپر ایمی وے بنٹائی کو بھی گینگ کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گولڈی برار نیٹ ورک پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ آئندہ کسی بھی سانحے سے بچا جا سکے۔