ویب ڈیسک: انسٹاگرام نے صارفین کی دیرینہ خواہش پوری کرتے ہوئے ایک نیا اور مفید فیچر متعارف کرایا ہے، جس کے تحت ریلز ویڈیوز کی رفتار کو تیز کرنے کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق انسٹاگرام صارفین کافی عرصے سے یہ مطالبہ کر رہے تھے کہ پلیٹ فارم پر ریلز کو دیکھنے کی رفتار میں اضافہ کیا جائے، تاکہ طویل ویڈیوز کو تیزی سے مکمل کیا جا سکے اور کم وقت میں زیادہ مواد دیکھا جا سکے۔
اس مطالبے کو مدنظر رکھتے ہوئے، انسٹاگرام نے اب ایسا فیچر متعارف کرایا ہے جو صارفین کو اپنی پسندیدہ ویڈیوز کی اسپیڈ بڑھانے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
یہ نیا فیچر صارفین کو یہ اختیار دیتا ہے کہ وہ کسی بھی مخصوص ریل کی رفتار کو بڑھا سکیں۔ ایسا کرنے کے لیے، صارف کو ویڈیو کے دوران کچھ دیر کے لیے اسکرین کو دبا کر رکھنا ہوگا، جس کے بعد ویڈیو کی رفتار خودبخود تیز ہو جائے گی۔ تاہم، یہ فیچر فی الحال تمام صارفین کے لیے دستیاب نہیں کیا گیا اور اسے بتدریج متعارف کروایا جا رہا ہے۔
یہ سہولت خاص طور پر ان افراد کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی جو زیادہ وقت صرف کیے بغیر زیادہ سے زیادہ ویڈیوز دیکھنا چاہتے ہیں۔
اس فیچر کی بدولت صارفین اب تین منٹ کی ریل کو محض ڈیڑھ منٹ میں دیکھ سکیں گے، جس سے ان کا قیمتی وقت بھی بچے گا اور وہ زیادہ مواد تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔
یہ اپ ڈیٹ ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب انسٹاگرام پہلے ہی ریلز کا دورانیہ 15 سیکنڈ سے بڑھا کر 3 منٹ کر چکا ہے۔
اگرچہ فی الحال تمام صارفین کو تین منٹ طویل ریلز اپ لوڈ کرنے کی سہولت حاصل نہیں، تاہم توقع کی جا رہی ہے کہ جلد ہی یہ سہولت سبھی صارفین کو فراہم کر دی جائے گی۔
واضح رہے کہ انسٹاگرام پر اس وقت ڈیڑھ منٹ سے زائد دورانیے کی ویڈیوز بھی اپ لوڈ ہو سکتی ہیں، تاہم وہ باضابطہ طور پر ریلز میں شمار نہیں ہوتیں بلکہ ویڈیو پوسٹ کے زمرے میں آتی ہیں۔
انسٹاگرام کا یہ نیا فیچر نہ صرف صارفین کی سہولت میں اضافہ کرے گا بلکہ پلیٹ فارم پر مواد کے استعمال کے انداز کو بھی مزید مؤثر بنائے گا۔