وزیر اعظم کی کوہ پیما نائلہ کیانی ،ثمینہ بیگ کو ایک اور کامیابی پر مبارک اور شاباش

وزیر اعظم کی کوہ پیما نائلہ کیانی ،ثمینہ بیگ کو ایک اور کامیابی پر مبارک اور شاباش
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے نائلہ کیانی اور ثمینہ بیگ کودنیا کی نویں بلند ترین چوٹی نانگا پربت سر کرنے پر مبارک اور شاباش دی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دنیا کی سب سے بلند چوٹی ماﺅنٹ ایورسٹ کے بعد خطرناک ترین چوٹی نانگا پربت سر کرنے والی پہلی خواتین کوہ پیما ثمینہ بیگ اور نائلہ کیانی نے ایک بار پھر پاکستان کا نام دنیا میں بلند کیا، ثمینہ بیگ اور نائلہ کیانی نے ثابت کیا کہ اُن کی ہمت، عزم اور ارادے بلند پہاڑوں سے بھی بلند ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ثمینہ بیگ اور نائلہ کیانی پاکستانی باہمت خواتین کی نمائندہ ہیں جو جفاکشی، بلند ارادے اور مقصد کو پالینے کی جستجو میں کسی سے پیچھے نہیں، میری دعا ہے کہ ثمینہ بیگ، نائلہ کیانی اور اُن جیسی قوم کی دیگر بیٹیاں اسی طرح دنیا میں پاکستان کا نام بلند کرتی رہیں، کامرانیاں سمیٹتی رہیں۔ خیال رہے کہ وزیراعظم نے مئی 2023 میں نائلہ کیانی کو ستارہ امتیاز کا اعزاز عطا کیاتھا، نائلہ کیانی دوسری پاکستانی خاتون کوہ پیما ہیں جنہوں نے ماﺅنٹ ایورسٹ سر کی تھی ، ثمینہ بیگ پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما تھیں جنہوں نے ماونٹ ایورسٹ کو سر کیا تھا۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔