ویب ڈیسک: اگر آپ گوگل میپس استعمال کرتے ہیں تو کمپنی کا نیا فیچر آپ کے لیے دلچسپی کا باعث بن سکتا ہے۔
گوگل نے اسٹریٹ ویو کی 15ویں سالگرہ کے موقع پر ایک اہم فیچر اینڈرائیڈ اور آئی فون صارفین کے لیے متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے اب موبائل فون پر بھی پرانی اسٹریٹ ویو تصاویر دیکھی جا سکیں گی۔
یہ سہولت پہلے صرف ڈیسک ٹاپ اور لیپ ٹاپ صارفین کے لیے دستیاب تھی، تاہم اب اسے گوگل میپس کی موبائل ایپس کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔
اس فیچر کی مدد سے صارفین کسی بھی مقام کی ماضی کی تصاویر دیکھ سکیں گے اور جان سکیں گے کہ ان کا علاقہ یا کوئی مخصوص جگہ برسوں پہلے کیسی دکھائی دیتی تھی۔
پرانی تصاویر دیکھنے کے لیے صارفین کو اسٹریٹ ویو امیج کھول کر "See More Dates" کا آپشن منتخب کرنا ہوگا۔ اس کے بعد دستیاب تاریخی تصاویر تک رسائی حاصل کی جا سکے گی۔
تاہم کسی مقام کی پرانی تصاویر کی دستیابی کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ گوگل نے اس جگہ کی تصاویر مختلف ادوار میں محفوظ کی ہیں یا نہیں۔
گوگل کے مطابق یہ فیچر صارفین کو وقت کے ساتھ مختلف مقامات میں آنے والی تبدیلیوں کا مشاہدہ کرنے کا منفرد موقع فراہم کرے گا۔