(ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ایک قیدی 420 کہتا ہے ایبسلوٹلی ناٹ کہا تھا، تم نے ایبسلوٹلی ناٹ کس چیز کا کہا؟ ، پیپلز پارٹی کا کارنامہ ہے کہ اس نے فوجی اڈے بند کرائے۔
دیامر میں پیپلزپارٹی کے انتخابی جلسے سے بلاول بھٹو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کو سب سے زیادہ ووٹ ملے تھے،گزشتہ الیکشن میں ہم سے9 سیٹیں چھینی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی صرف عوام کی طرف دیکھ رہی ہے،طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں،7جون کو عوام کی طاقت سے جیتیں گے،7 جون کو جیالا وزیراعلیٰ منتخب کرائیں گے۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ اگر آصف زرداری سی پیک نہ لاتے تو تم کہاں سے اورنج ٹرین بناتے،صدرآصف زرداری گلگت بلتستان کے عوام کو بھی نہیں بھولے،صدرآصف زرداری نے گلگت بلتستان کو شناخت دی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ صدرزرداری کی حکومت سازش کے تحت ختم نہ کی گئی ہوتی تو دیامر بھاشا ڈیم بن چکا ہوتا،دیامر اور بھاشا ڈیم کی تعمیر بہت ضروری ہے،وفاق سے مطالبہ ہے دیا مر بھاشا ڈیم مکمل کیا جائے،پاکستان کیلئے اس وقت دیامر بھاشا ڈیم سے اہم کوئی اور منصوبہ نہیں،وزیراعظم صاحب دیامر بھاشاڈیم کےلیے بھی شہباز اسپیڈ دکھائیں،مودی کی حکومت آبی جارحیت کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ نےدو آمروں کو للکارا تھا اور تاریخ رقم کی تھی، وہ غریبوں کی آواز تھیں، سازشی عناصر نے اُنھیں بھی شہید کرا دیا۔ آصف علی زرداری نے اٹھارہویں ترمیم کو بحال کیا، صدر آصف زرداری نے روٹی، کپڑا، مکان کے نعرے پرعملی طور پر کام کیا، آنے والے بجٹ میں بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بجٹ میں اضافہ کریں گے۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ آمر کے دور میں فوجی اڈوں کی اجازت دی گئی تھی، ایک قیدی 420 کہتا ہے کہ اس نے ایبسولیٹلی ناٹ کہا تھا، تم نے ایبسولیٹلی ناٹ کس چیز کا کہا؟ مشرف حکومت کےبعد مرد حر کی حکومت تھی جس نےایک لات مار کر تمام بیسز بند کیے تھے۔ پیپلز پارٹی کا تیسرا بڑا کارنامہ فوجی اڈوں کو بند کرنا تھا، یہ بہادری صرف پیپلزپارٹی نے دکھائی تھی، ہنری کسینجر نے شہید بھٹو کو کہا تھا ایٹم بم نہ بنائیں، شہید بھٹو نے جان کی قربانی دیدی مگر پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ آج بھی پاکستان کو ایسی جماعت کی ضرورت ہے جو دنیا کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرے۔