ویب ڈیسک: وزیراعظم کی تقریب حلف برداری کی تقریب کل ایوان صدر میں ہوگی، وزیراعظم کی تقریب حلف برداری کی تقریب دوپہر 3 بجے ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت نئے منتخب وزیراعظم شہباز شریف سے حلف لیں گے، وزیراعظم کی تقریب حلف برداری کے لیے دعوت نامے ارسال کردیے گئے ہیں۔
آرمی چیف سمیت دیگر عسکری قیادت تقریب میں شریک ہوگی، نگران وزیر اعظم، وزرا اعلی اور گورنرز بھی تقریب کا حصہ ہوں گے،سابق صدر آصف زرداری ، چیئر مین پی پی پی بلاول اور دیگر سیاسی رہنما بھی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کریں گے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق قومی اسمبلی میں منتخب ہونے والے وزیراعظم کو کل سکیورٹی فراہم کر دی جائے گی،مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف 201 ووٹ لے کر وزیراعظم منتخب ہو گئے ہیں۔
ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے تصدیق کی ہے کہ صدر عارف علوی نومنتخب وزیراعظم شہبازشریف سے عہدے کا حلف لیں گے ۔ شہبازشریف کی حلف برداری کی تقریب کے لئے تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں جس میں ن لیگ کی اتحادی جماعتوں کے سربراہان اور ن لیگ کی قیادت شریک ہو گی۔
اس کے علاوہ قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت کل صبح گیارہ بجے ہو گا،قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے اجلاس کا دو نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا۔
اجلاس میں تلاوتِ قرآن، نعت اور قومی ترانے کے بعد نو منتخب وزیراعظم کو مبارکباد دی جائے گی، شہباز شریف آج ملک کے نئے وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں۔