ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت میں کمی آئی ہے، ایک نئے سروے میں اکثریت نے خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ ملک غلط سمت میں جا رہا ہے۔
ایک حالیہ سروے کے مطابق 60 فیصد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرز حکمرانی سے غیر مطمئن ہیں جب کہ صرف 41 فیصد ان کی کارکردگی کو سراہتے ہیں۔
سروے کے مطابق 67 فیصد لوگوں کا کہنا ہے کہ ملک اس وقت غلط سمت میں جا رہا ہے۔ اسی طرح 75 فیصد امریکی حکومتی شٹ ڈاؤن کے بارے میں فکر مند ہیں، جو پچھلے سروے سے نمایاں اضافہ ہے۔
اقتصادی مسائل پر عوامی رائے بھی صدر کے لیے مثبت نہیں رہی۔ صرف 37 فیصد نے ٹرمپ کی اقتصادی پالیسیوں کی حمایت کی جبکہ 62 فیصد غیر مطمئن تھے۔ مزید برآں، 59 فیصد امریکیوں نے صدر ٹرمپ کو مہنگائی کی بلند شرح کا ذمہ دار ٹھہرایا، اور 37 فیصد نے کہا کہ ٹرمپ کے صدر بننے کے بعد وہ پہلے سے بھی بدتر مالی حالت میں ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس منفی رجحان کے باوجود ڈیموکریٹک پارٹی بھی عوامی ناپسندیدگی سے بچ نہ سکی۔ سروے میں شامل اڑسٹھ فیصد نے ڈیموکریٹس کو عوامی مسائل سے لاتعلق قرار دیا۔
سروے کے نتائج کے مطابق کانگریس کے آئندہ انتخابات کے حوالے سے رائے دہندگان یکساں طور پر منقسم دکھائی دے رہے ہیں اور کسی بھی پارٹی کو واضح برتری حاصل نہیں ہے۔