کسی گروہ یا جتھے کو صوبے کا امن تباہ کرنیکی اجازت نہیں دی جائے گی،محسن نقوی

کسی گروہ یا جتھے کو صوبے کا امن تباہ کرنیکی اجازت نہیں دی جائے گی،محسن نقوی
لاہور: نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ کسی گروہ یا جتھے کو صوبے کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیر اعلی آفس میں امن و امان سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مذہب کے نام پر شر انگیزی پھیلانے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اورایسے عناصر کی فنانسنگ روکنے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔شرپسندوں کے سہولت کاروں کے خلاف بھی گھیرا تنگ کیا جائے گا اورقانون شکن عناصر سے کسی قسم کی رعایت نہیں ہو گی ۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے شرپسندوں اور جرائم پیشہ گینگز کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دیا اور کہا کہ کسی بھی گروہ یا جتھے کو صوبے کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اجلاس میں میانوالی میں کنڈل چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے والے پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا ۔ اجلاس میں انسپکٹر جنرل پولیس نے صوبے میں امن عامہ کی صورتحال اور شرپسندوں کے خلاف قانونی کارروائیوں کے بارے میں بریفنگ دی ۔ صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر،چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری قانون، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ،سی سی پی او، سیکرٹری پراسیکیوشن، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام اور اعلی افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ پنجاب کے تمام آر پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔