عمران خان کو فوجی حراست سےروکنے کی درخواست پراعتراضات عائد

عمران خان کو فوجی حراست سےروکنے کی درخواست پراعتراضات عائد
کیپشن: 9 مئی مقدمات:عمران خان کا ملٹری کورٹس ٹرائل کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع

ویب ڈیسک: عمران خان کی ممکنہ ملٹری ٹرائل اور فوجی حراست سے روکنے کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے اعتراضات عائد کر دیے.

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے عمران خان کی درخواست پر اعتراضات عائد کیے ہیں کہ (1) کسی مخصوص ایف آئی آر کا حوالہ دیے بغیر عمومی ریلیف کیسے مانگا جا سکتا ہے؟ (2) درخواست کے ساتھ کوئی آرڈر یا دستاویز نہیں لگائی گئی۔(3) پنجاب کے مقدمات پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست کیسے دائر ہو سکتی ہے۔ (4) ملٹری کورٹس کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیرالتواء ہوتے ہوئے ہائیکورٹ میں درخواست کیسے دائر ہو سکتی ہے؟

قبل ازیں  9 مئی مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ملٹری کورٹ ٹرائل کیلئے فوجی تحویل میں نہ دینے کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں وکیل عزیر کرامت بھنڈاری کے ذریعے درخواست دائر کردی گئی جس میں سیکرٹری قانون ،سیکرٹری داخلہ اور وفاق کو درخواست میں فریق بنایا گیا ہے ۔

آئی جی اسلام آباد،آئی جی پنجاب،ڈی جی ایف آئی اے درخواست میں فریق ہیں جبکہ آئی جی جیل خانہ جات کو بھی درخواست میں فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو فوجی تحویل میں دینے سے روکا جائے،یقینی بنایا جائے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سویلین عدالتوں اور سویلین تحویل میں رہیں۔

Watch Live Public News