سیلاب کے باعث سندھ میں گندم کا بحران شدت اختیار کر گیا

سیلاب کے باعث سندھ میں گندم کا بحران شدت اختیار کر گیا
کیپشن: سیلاب کے باعث سندھ میں گندم کا بحران شدت اختیار کر گیا

ویب ڈیسک: سیلاب کے باعث سندھ میں گندم کا بحران شدت اختیار کر گیا۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن سندھ نے گندم کے مصنوعی بحران کی ذمہ داری پنجاب حکومت پر عائد کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن سندھ کے چیئرمین عبدالجنید عزیز نے اس صورتحال میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صوبے کو بحران کے خاتمے کیلئے گندم کی درآمد کی اجازت دے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر وفاق نے صوبے کو اجازت نہ دی تو صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی آبی جارحیت کے بعد سیلاب سے ہونے والی تباہی کے بعد پنجاب حکومت کی جانب سے گذشتہ ہفتے کے اختتام پر اچانک گندم کی بین الصوبائی نقل وحمل پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، سندھ میں پنجاب سے قبل گندم کی فصل کی آمد فروری سے شروع ہوجاتی ہے جسے پنجاب سمیت ملک کے دیگر صوبوں کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ترسیل ہوتی ہے جبکہ پنجاب میں گندم کی پیداوار تاخیر سے ہوتی ہے۔

عبدالجنید عزیز نے بتایا کہ پنجاب نے اپنی ضروریات کی گندم پوری کرنے کے بعد غیر متوقع طور پر گندم کی بین الصوبائی نقل وحمل پر پابندی عائد کر دی ہے، جس کے نتیجے میں ملک کے دیگر صوبوں میں گندم کا مصنوعی بحران پیدا ہوگیا ہے۔

Watch Live Public News