ویب ڈیسک: قومی پیغام امن کمیٹی کے ارکان نے قراقرم بین الاقوامی یونیورسٹی کا دورہ کیا۔وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالرزاق کی زیر صدارت اجلاس میں کمیٹی کے ارکان نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ کو مزید بہتر بنانے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سرکردگی میں پاک فوج کا کردار قابل تحسین ہے انہوں نے کہا کہ ملک میں بین المسالک ہم آہنگی،اتحاد و اتفاق کے فروغ اور پرامن معاشرے کی تشکیل کے لیے ہم سب نے مشترکہ طور پر کردار ادا کرنا ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوۓ وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالرزاق نے کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے امن بنیادی شرط ہے امن کے تسلسل میں علمائے کرام کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے ممبر اور محراب کا معاشرے میں اتحاد بھائی چارگی کے فروغ اور امن کے تسلسل میں اہم کردار رہا ہے وائس چانسلر نے کہا کہ قراقرم بین الاقوامی یونیورسٹی میں طلباء کی تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقی تربیت پر بھی توجہ دی جا رہی ہے اس سے قبل وفد کو یونیورسٹی میں جاری تعلیمی اور تحقیقی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
نیشنل پیغامِ امن کمیٹی (NPAC) کے اراکین نے گلگت کے علاقے دنیور میں واقع مدرسہ امام خمینی کا دورہ کیا اور مدرسے کی انتظامیہ اور علماء سے ملاقات کی ۔اس موقع پر نیشنل پیغامِ امن کمیٹی کے اراکین نے گلگت بلتستان میں پائیدار امن، باہمی رواداری، اتحاد و یکجہتی اور بھائی چارے کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔
کمیٹی کے اراکین نے کہا کہ گلگت بلتستان مختلف مکاتبِ فکر، زبانوں اور ثقافتوں کا خوبصورت امتزاج ہے، جہاں امن و ہم آہنگی علاقے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔ملاقات کے دوران امن کا پیغام علماء اور مدرسے کی انتظامیہ تک پہنچایا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ معاشرے میں برداشت، مکالمے اور باہمی احترام کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔مدرسہ امام خمینی کی انتظامیہ نے نیشنل پیغامِ امن کمیٹی کے دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے امن و بھائی چارے کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔