سعودی عرب میں رمضان المبارک کا مہینہ کب شروع ہوگا؟

سعودی عرب میں رمضان المبارک کا مہینہ کب شروع ہوگا؟
ریاض: (ویب ڈیسک) فرزندان اسلام ماہ رجب المرجب کے فیوض وبرکات سمیٹ رہے ہیں لیکن ابھی سے ان کے دل میں یہ انتظار پیدا ہو چکا ہے کہ رمضان کا بابرکت مہینہ کب سے شروع ہوگا؟ اس سلسلے میں سعودی عرب کے مشہور ماہر فلکیات نے انھیں خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ مملکت میں رمضان المبارک کا پہلا روزہ بروز ہفتہ مورخہ 2 اپریل کو ہوگا۔ قصیم یونیورسٹی کے شعبہ فلکیات کے سابق استاد ڈاکٹر عبداللہ المسند نے اپنی پیشگوئی میں کہا کہ فلکیاتی مطالعے میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رواں سال شعبان کا مہینہ 29 دن جبکہ رمضان المبارک کا مہینہ 30 دن پر مشتمل ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شعبان کی 29 تاریخ بمطابق یکم اپریل کی صبح 9 بج کر 24 منٹ پر چاند کی ولادت ہوگی جبکہ اسی شام کو مکہ مکرمہ کے مغربی افق پر ہلال کی ولادت ہوگی جو 16 منٹ تک دیکھا جا سکے گا۔ ماہر فلکیتا ڈاکٹر المسند کا کہنا تھا کہ تاہم چاند کا دکھائی دینا موسم پر مشروط ہے۔ اگر فضا ابر آلود یا غبار آلود ہوگی تو چاند دیکھنا مشکل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فلکیات کے مطالعے سے یہ بات بھی کہی جا سکتی ہے کہ رمضان المبارک تیس دن کا ہوگا جبکہ عید الفطرکا چاند یکم مئی کی شام کو دکھائی دے گا جس کے حساب سے عیدالفطر دو مئی کو ہوگی۔