ویب ڈیسک: امریکا کے حملے کے بعد وینزویلا کے صدر نیکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو امریکی طیارے کے ذریعے نیویارک منتقل کر دیا گیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق، وینزویلا کے گرفتار صدر اور ان کی اہلیہ کو بوئنگ 757 طیارے میں سوار کر کے نیو یارک کی اسٹیورٹ ائیر نیشنل گارڈ بیس پہنچایا گیا۔ یہ پرواز سب سے زیادہ ٹریک کی جانے والی پرواز تھی۔ مادورو کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے مین ہٹن منتقل کیا گیا اور انہیں بروکلین حراستی مرکز میں رکھا گیا۔ مادورو کو نیویارک کی عدالت میں پیش کیا جائے گا جہاں ان پر منشیات اور دہشت گردی کے الزامات عائد ہوں گے۔
Most tracked flight right now: a Department of Justice Boeing 757 flying from Guantanamo toward New York.https://t.co/I3z40QoIDy pic.twitter.com/QIcLn2e0hB
— Flightradar24 (@flightradar24) January 3, 2026
یاد رہے کہ امریکا نے ہفتے کو وینزویلا پر حملہ کیا، اور امریکی ڈیلٹا فورس نے صدر مادورو اور ان کی اہلیہ کو ان کے صدارتی محل سے گرفتار کیا۔ امریکی صدر ٹرمپ نے ایک نیوز بریفنگ میں بتایا کہ یہ آپریشن ان کی ہدایت پر کیا گیا، جس میں کئی جہازوں اور ہیلی کاپٹروں نے حصہ لیا۔ آپریشن کی تیاری دسمبر کے اوائل میں کی گئی تھی، اور ٹرمپ نے کہا کہ امریکا دوسرے حملے کے لیے بھی تیار ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ مادورو اور ان کی اہلیہ کو ان کے بیڈ روم سے پکڑ کر نیویارک لایا جا رہا ہے جہاں ان کے خلاف منشیات اور دہشت گردی کے الزامات پر مقدمہ چلایا جائے گا۔