ویب ڈیسک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منی لانڈرنگ اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔
کراچی زون کے ایف آئی اے دفاتر کے دورے کے دوران وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کراچی اور جنوبی زون کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے منی لانڈرنگ میں ملوث بڑے مافیا کے خلاف سخت ایکشن لینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ منی ٹریل کو بے نقاب کیا جائے اور حوالہ ہنڈی کا کاروبار کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
محسن نقوی نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹس کے خلاف بھی مؤثر کارروائی کا حکم دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دینے والے ایجنٹس کو کسی بھی صورت رعایت نہیں ملنی چاہیے۔
انہوں نے جعلی ادویات کے دھندے میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لانے کی ہدایت بھی دی اور کہا کہ جعلی ادویات کا کاروبار انسانی زندگیوں سے کھیلنے کے مترادف ہے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون نے وزیر داخلہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ چار ماہ میں 20 اسمگلنگ ایجنٹس کو گرفتار کیا گیا اور 140 ملین روپے مالیت کی نان کسٹم مصنوعات اور منشیات ضبط کی گئی ہیں۔ کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کی سہولت کے لیے سہولت سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے۔