ویب ڈیسک: یوٹیوب نے اپنے مختصر ویڈیو پلیٹ فارم شارٹس (Shorts) کے لیے متعدد نئے فیچرز متعارف کرا دیے ہیں، جن کا مقصد کانٹینٹ کریئیٹرز کو زیادہ مؤثر اور تخلیقی انداز میں اپنے ناظرین تک پہنچنے کے مزید مواقع فراہم کرنا ہے۔
کمپنی کے مطابق صارفین اب ایک ہی شارٹس پوسٹ میں زیادہ سے زیادہ 10 تصاویر پر مشتمل کیروسل شیئر کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ تصاویر پر براہِ راست ٹیکسٹ اوورلے شامل کرنے اور 15 سیکنڈ تک بیک گراؤنڈ میوزک لگانے کی سہولت بھی دی گئی ہے۔
یوٹیوب کا کہنا ہے کہ ان نئے فیچرز سے تخلیق کار شارٹس فیڈ میں زیادہ مؤثر انداز میں اپنی کہانیاں اور تخلیقی مواد پیش کر سکیں گے۔
کمپنی کے مطابق یہ اپ ڈیٹ خاص طور پر گلوکاروں، موسیقاروں اور دیگر فنکاروں کے لیے مفید ہوگی، کیونکہ اس کے ذریعے وہ اپنی موسیقی کو نئے سامعین تک آسانی سے پہنچا سکیں گے اور مداحوں سے بہتر انداز میں رابطہ قائم کر سکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق صارفین بیک گراؤنڈ میوزک کے لیے یوٹیوب کے لائسنس یافتہ میوزک کیٹلاگ، یوٹیوب آڈیو لائبریری اور جہاں دستیاب ہو ڈریم ٹریک کا بھی استعمال کر سکیں گے۔
ماہرین کے مطابق یہ اپ ڈیٹ یوٹیوب شارٹس کو انسٹاگرام اور ٹک ٹاک کے مزید قریب لے آئے گی، جہاں تصاویر پر مبنی کیروسل اور فوٹو پوسٹس پہلے ہی مقبول ہیں۔ یہ فیچر ان کریئیٹرز کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوگا جو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بیک وقت اپنا مواد شیئر کرتے ہیں۔