ویب ڈیسک: مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے تناظر میں ملک بھر کی تیل کمپنیوں نے پیٹرول پمپس کے لیے سپلائی کا باقاعدہ کوٹہ مقرر کر دیا ہے۔
پیٹرولیم ڈیلرز کے مطابق ہر پمپ کو گزشتہ چھ ماہ کی اوسط فروخت کی بنیاد پر پیٹرول اور ڈیزل فراہم کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث مقامی سطح پر بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کا امکان ہے۔
اطلاعات کے مطابق ممکنہ قیمتوں میں اضافے اور زیادہ منافع کے پیشِ نظر بعض پیٹرول پمپس معمول سے زیادہ آرڈرز دے رہے ہیں، حتیٰ کہ کم فروخت والے پمپس کی جانب سے بھی اضافی سپلائی طلب کی جا رہی ہے۔
تیل کمپنیوں کا مؤقف ہے کہ کوٹہ سسٹم کا مقصد ذخیرہ اندوزی کی روک تھام اور تمام پمپس کو بلا تعطل فراہمی یقینی بنانا ہے۔
ادھر قیمتوں میں اضافے کی خبروں کے بعد عوام کی جانب سے بھی پیٹرول اور ڈیزل کی خریداری میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
صورتحال کے پیشِ نظر پیٹرولیم ڈیلرز نے آئندہ 24 گھنٹوں میں کراچی میں ہنگامی پریس کانفرنس طلب کر لی ہے، جس میں اہم اعلانات متوقع ہیں۔