پنجاب حکومت کا بڑا اقدام، 600 سے زائد افراد کو براہِ راست ملازمتیں ملیں گی

پنجاب حکومت کا بڑا اقدام، 600 سے زائد افراد کو براہِ راست ملازمتیں ملیں گی
کیپشن: پنجاب حکومت کا بڑا اقدام، 600 سے زائد افراد کو براہِ راست ملازمتیں ملیں گی

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں عوام کو سستی اور معیاری اشیائے ضروریہ فراہم کرنے کے لیے 27 نئے "سہولت بازار" قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت 13 اضافی "سہولت آن دی گو" بازار بھی شروع کیے جائیں گے، جنہیں جولائی تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

ان بازاروں کے قیام سے شہریوں کو براہِ راست مالی فائدہ پہنچے گا، جہاں اشیاء اوپن مارکیٹ کے مقابلے میں 40 فیصد اور ڈی سی ریٹ کے مقابلے میں 18 فیصد کم قیمت پر دستیاب ہوں گی۔ اس اقدام سے تقریباً ساڑھے 8 لاکھ گھرانوں کو سالانہ 5 ارب 30 کروڑ روپے کی بچت ہوگی۔

سہولت بازاروں میں 5 کلومیٹر کے دائرے میں 40 منٹ کے اندر "فری ہوم ڈلیوری" کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی، جس سے وقت اور ایندھن کی بچت ہوگی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف خریداروں بلکہ دکانداروں اور بے روزگار نوجوانوں کے لیے بھی گیم چینجر ثابت ہوگا۔ ان بازاروں کے ذریعے 600 سے زائد افراد کو براہِ راست ملازمتیں ملیں گی اور 1,300 نئے کاروبار شروع ہوں گے۔ دکانداروں کو مفت بجلی، صفائی اور سیکیورٹی کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی، جس سے سیلز میں 24 فیصد اور منافع میں 23 فیصد اضافہ متوقع ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سہولت بازار فیملی فرینڈلی ماحول، پینے کے صاف پانی اور مسجد کی سہولت کے ساتھ ہوں گے، جبکہ ہر بازار میں مرکزی کنٹرول روم قائم کیا جائے گا جو کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کرے گا تاکہ سیکیورٹی اور شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔

نئے سہولت بازار پنجاب کے مختلف شہروں میں قائم کیے جائیں گے، جن میں بھکر، میانوالی، پاکپتن، راجن پور، مظفر گڑھ، منڈی بہاؤالدین، راولپنڈی، اٹک، جہلم، خانیوال، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، بہاولپور، بہاولنگر، اوکاڑہ، سیالکوٹ، گجرات اور سرگودھا شامل ہیں، جبکہ لاہور، جہلم، بھکر، راولپنڈی، قصور اور فیصل آباد کی مختلف تحصیلوں میں موبائل بازار بھی قائم کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے عوام کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی کا عہد ہر صورت نبھائیں گے۔ سہولت بازاروں میں پھلوں اور سبزیوں کے کم نرخ عام آدمی کے لیے واضح معاشی ریلیف فراہم کریں گے۔

Watch Live Public News