ویب ڈیسک: پنجاب کے مختلف علاقے بدستور شدید سموگ کی زد میں ہیں، جب کہ لاہور ایک بار پھر دنیا کے سب سے آلودہ شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔ محکمہ ماحولیات کے مطابق شہر کا فضائی معیار خطرناک حد تک گر چکا ہے۔
تازہ اعداد و شمار کے مطابق لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 372 تک پہنچ گیا، جب کہ مختلف علاقوں میں آلودگی کی سطح مزید تشویشناک رہی۔ رائیونڈ میں 587، گلبرگ میں 581، لوئر مال میں 552 اور ڈی ایچ اے میں 478 کا خطرناک اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔
صوبے کے دیگر شہروں میں بھی فضائی آلودگی کی صورتحال بہتر نہیں۔ گوجرانوالہ میں اے کیو آئی 280، فیصل آباد میں 251، ملتان میں 210، سیالکوٹ میں 184 اور پشاور میں 196 ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 16 اور زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ پیش گوئی کے مطابق آج اور کل وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے، جس سے فضائی آلودگی میں واضح کمی آنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب پنجاب حکومت اور محکمہ ماحولیات نے سموگ کے تدارک کے لیے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ آلودگی پھیلانے والے متعدد صنعتی یونٹس منہدم اور فیکٹریاں سیل کر دی گئیں۔ اس کے علاوہ 41 جدید ایئر کوالٹی مانیٹرنگ سسٹمز فعال، ڈرون اسکواڈز تعینات اور سموگ فری زونز قائم کر دیے گئے ہیں۔
سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ صاف فضا ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ حکومت پائیدار اور مؤثر اقدامات کے ذریعے سموگ کے مستقل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔