(ویب ڈیسک) واٹس ایپ ایک ایسا فیچر تیار کر رہا ہے جس کی مدد سے صارفین براہِ راست اپنی پرائیویٹ چیٹ میں تھرڈ پارٹی اے آئی ایجنٹ (AI Agent) کو شامل کر سکیں گے۔
واٹس ایپ کی اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ 'وی بیٹا انفو' (WABetaInfo) کے مطابق یہ آپشن اینڈرائیڈ کے ایک محدود بیٹا ورژن میں دیکھا گیا ہے۔
صارفین کو کسی الگ ایپ یا ویب سائٹ پر جانے کی ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ وہ ایک بار ایجنٹ کو سیٹ اپ کر کے واٹس ایپ کے اندر ہی کسی عام رابطے (Contact) کی طرح اس سے بات چیت کر سکیں گے۔
واٹس ایپ کا نیا فیچر کیسے کام کرے گا؟
رپورٹ کے مطابق یہ فیچر ایپ کی سیٹنگز میں دستیاب ہوگا، جہاں صارفین ایجنٹ کا نام درج کریں گے، پروفائل فوٹو منتخب کریں گے اور ایک اے پی آئی کی (API Key) جنریٹ کر کے متعلقہ بوٹ پلیٹ فارم پر پیسٹ کریں گے۔
وی بیٹا انفو کے مطابق واٹس ایپ نے اس پر کچھ پابندیاں عائد کی ہیں اور ایک اکاؤنٹ میں محدود تعداد میں ہی ایجنٹس شامل کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ نظریاتی طور پر صارف مختلف ایپس کے درمیان سوئچ کیے بغیر شیڈولنگ بوٹ اور کسٹمر سپورٹ بوٹ جیسے ٹولز شامل کر سکتا ہے۔
یہ فیچر فی الحال چند مخصوص ممالک میں منتخب ٹیسٹرز کے لیے دستیاب ہے اور عام صارفین کے لیے اس کی دستیابی سے متعلق فی الحال کوئی حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی ہے۔
پرائیویسی اور سیکیورٹی سے متعلق اہم نکات
- اس طریقے سے شامل کیے جانے والے تمام بوٹس صارف کے اکاؤنٹ کے دیگر حصوں سے الگ تھلگ (Isolated) رہیں گے.
- یہ ایجنٹس صرف وہی گفتگو دیکھ سکیں گے جو براہِ راست صارف اور بوٹ کے درمیان ہوگی، اکاؤنٹ کا باقی ڈیٹا ان کی پہنچ سے باہر رہے گا۔
- بوٹس کے ساتھ کی جانے والی بات چیت 'اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ' نہیں ہوگی، کیونکہ یہ رابطہ میٹا کی سروس کے ذریعے ایجنٹ اور اس کے ڈویلپر کے درمیان قائم کیا جائے گا۔
یورپی کمیشن نے جون میں میٹا کو حکم دیا تھا کہ وہ حریف جنرل پرپز اے آئی اسسٹنٹس کے لیے واٹس ایپ بزنس اے پی آئی تک مفت رسائی بحال کرے۔ اس سے قبل میٹا نے اکتوبر 2025 میں ان پر مکمل پابندی عائد کر دی تھی اور بعد ازاں فیس کے ساتھ دوبارہ متعارف کرایا تھا، جسے کمیشن نے پابندی کے مترادف قرار دیا تھا۔