ویب ڈیسک: مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما راناثناءاللہ نے یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے خصوصی پیغام جاری کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق راناثناءاللہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 5 اگست ہمیں بھارتی غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی یاد دلاتا ہے۔ آج سے پانچ سال قبل، بھارت نے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کر دیا تھا۔
رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ بھارت کا یہ غاصبانہ عمل کشمیری عوام کے حق خود ارادیت پر ایک براہ راست حملہ تھا۔ اس المناک دن پر، میں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں۔ ہم کشمیریوں کی لازوال قربانیوں اور دہائیوں سے جاری ان کی جدوجہد آزادی کو سلام پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری عوام کی ہمت، ثابت قدمی اور انصاف کے لیے غیر متزلزل عزم ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ ہم کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ اقوام متحدہ کو غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہئے۔
رانا ثناءاللہ نے کہا کہ عالمی برادری اس دیرینہ تنازعہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کروائے۔ کشمیر کا مسئلہ صرف کشمیریوں کا نہیں، بلکہ انسانیت اور عالمی انصاف کا مسئلہ ہے۔ اللہ تعالیٰ کشمیری عوام کو جلد آزادی کی نعمت سے سرفراز فرمائیں۔