ویب ڈیسک: پاکستان کے اوپننگ بیٹر عبداللہ شفیق نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 160 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جس کی بدولت قومی ٹیم پہلی اننگز میں مضبوط مجموعہ ترتیب دینے میں کامیاب رہی۔
کوئینز پارک اوول میں تیسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 266 رنز پر 2 وکٹوں سے دوبارہ شروع کی۔ اس موقع پر کپتان بابر اعظم 84 اور عبداللہ شفیق 107 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
بابر اعظم 88 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے، تاہم عبداللہ شفیق نےعمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 160 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ پاکستان کی پوری ٹیم 387 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور پہلی اننگز میں 43 رنز کی برتری حاصل کی۔
عبداللہ شفیق کی یہ اننگز نہ صرف میچ میں پاکستان کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوئی بلکہ تاریخی اعتبار سے بھی نمایاں حیثیت اختیار کر گئی۔
وہ 49 برس بعد ویسٹ انڈیز کی سرزمین پر ٹیسٹ کرکٹ میں 150 سے زائد رنز بنانے والے پہلے پاکستانی بیٹر بن گئے ہیں۔ اس سے قبل 1977 میں ماجد خان نے گیانا ٹیسٹ میں 167 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
اس کے علاوہ پاکستان کی جانب سے بیرونِ ملک ٹیسٹ کرکٹ میں کھیلی گئی 150 یا اس سے زائد رنز کی آخری چار اننگز میں سے تین عبداللہ شفیق کے نام ہیں، جو غیر ملکی وکٹوں پر ان کی مستقل مزاجی اور عمدہ کارکردگی کا واضح ثبوت ہے۔
دوسری جانب ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری اننگز میں تیسرے روز کے اختتام تک 6 وکٹوں کے نقصان پر 103 رنز بنا لیے ہیں اور اسے پاکستان پر 60 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہے۔