ویب ڈیسک: سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا، علی امین گنڈاپور کی جانب سے ڈیرہ اسماعیل خان میں کبوتربازی کے مقابلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف علاقوں سے درجنوں کبوتروں کو ایک ساتھ فضا میں چھوڑا گیا۔ ایونٹ کا مرکزی مقام چوگلہ ڈیرہ اسماعیل خان تھا۔
اس مقابلے پر گورنر خیبر پختونخوا، فیصل کریم کنڈی نے طنزیہ انداز میں کہا کہ "کبوتر کا اصل کام پیغام پہنچانا ہوتا ہے، اگر علی امین گنڈاپور کسی کو پیغام دینا چاہتے ہیں تو بتا دیں، ہم خود پہنچا دیں گے۔"
گورنر نے مزید کہا کہ علی امین گنڈاپور ماضی میں اللہ میاں کو بھی موبائل فون پر میسج کرنے کی بات کر چکے ہیں۔ انہوں نے سیاست میں سنجیدگی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ غیر سنجیدہ بیانات اور سرگرمیاں سیاست کو مذاق بنا دیتی ہیں۔
گورنر کے اس بیان پر سیاسی حلقوں میں نئی بحث شروع ہو گئی ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی اس معاملے پر مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔