ویب ڈیسک: ستیانہ کے قریب جھامرہ روڈ پر ٹرک کی موٹرسائیکل کو ٹکر ، حادثے میں 3 موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کےمطابق تھانہ ستیانہ کی حدود جھامرہ روڈ ٹوانہ سٹاپ کے قریب ٹرک کی ٹکر سے 3 موٹرسائیکل سوار موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، حادثہ ٹرک کا ٹائر پھٹنے کی وجہ سے پیش آیا.

حادثے کے پیش آتے ہی مقامی لوگ جائے وقوعہ پر پہنچے، لرزہ خیز حادثہ کو دیکھا کر عوام کے پسینے چھوٹ گئے، ٹرک کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

دوسری جانب عالمی ادارۂ صحت کے مطابق پاکستان میں سالانہ 35 ہزار لوگ ایکسیڈنٹ میں جاں بحق ہوجاتے ہیں جب کہ 50 ہزار سے زائد افراد زخمی اور عمر بھر کی معذوری سے دوچار ہو جاتے ہیں۔
پاکستان میں ٹریفک حادثات پر غور کیا جائے تو ان کی مندرجہ ذیل وجوہات ہیں، ڈرائیورز حضرات کی جانب سے ٹریفک سگنل کا توڑنا، سیٹ بیلٹ کے استعمال میں بے پروائی و غفلت، ٹریفک قوانین کے بارے میں ناقص معلومات اور تعمیل نہ کرنا، گاڑیوں میں ہونے والی تیکنیکی خرابیاں جیسے بریک کا فیل ہونا، گاڑی کی ناقص حالت کی وجہ سے ٹائر کا پنکچر ہونا، ٹائروں کی حفاظت و تبدیلی نہ کروانا حادثات کی وجوہات میں شامل ہیں۔
ایک تحقیق کے مطابق پاکستان میں 29.8 فی صد حادثات تیزرفتاری جب کہ 17 فی صد اموات ڈرائیورز کی بے باک ڈرائیونگ کی وجہ سے ہوتے ہیں۔
پاکستان میں کم عمر نوجوانوں کا موٹرسائیکل و گاڑی چلانے کا رجحان بڑھتا چلا جا رہا ہے جس کی وجہ سے خطرناک حادثات پیش آتے ہیں۔ اس لیے 24 فی صد لوگ ایسے ہیں جو بغیر لائسنس کے گاڑی چلاتے ہیں۔
سڑکوں پر موٹرسائیکل چلانے والے اپنے پیچھے آنے والی گاڑیوں کو کسی بھی قسم کا اشارہ نہیں دیتے، اگر پیچھے والوں کو اشارہ نہیں دیں گے تو غلط اوورٹینگ سے اچانک موٹرسائیکل و گاڑیوں کے مابین ٹکر ہو جاتی ہے۔
اس کے علاوہ اوورلوڈنگ حادثات کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، اوورلوڈنگ زیادہ ہونے کی وجہ سے اکثر اوقات ٹائر پنکچر ہوجاتے ہیں یا ٹائر میں گرمائش زیادہ ہونے کے سبب ٹائر پھٹ جاتے ہیں جس سے بڑی گاڑیوں کو قابو کرنا انتہائی مشکل ہوجاتا ہے۔ بڑی گاڑیوں کا سامان الٹ کر ساتھ چلنے والی گاڑیوں کو بُری طرح متاثر کرتا ہے۔