ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دہشتگردی کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر بارہ ممالک کے شہریوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی لگا دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ نے ایک نئے صدارتی حکم نامے پر دستخط کیے ہیں۔ جس کے تحت جن ممالک کے شہریوں پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں افغانستان، ایران، یمن، لیبیا، صومالیہ، سوڈان، اریٹیریا، برما، چاڈ، استوائی گنی، جمہوریہ کانگو اور ہیٹی شامل ہیں۔
وائٹ ہاؤس کے جاری بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد امریکی شہریوں کو ممکنہ خطرناک غیر ملکی عناصر سے تحفظ دینا ہے۔
صدر ٹرمپ نے ایک ویڈیو پیغام میں کولوراڈو میں حالیہ دہشتگرد حملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ غیر قانونی طور پر یا مناسب تصدیق کے بغیر امریکا میں داخل ہونے والے افراد ملک کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بن سکتے ہیں۔
مزید برآں، صدر نے ہارورڈ یونیورسٹی سمیت دیگر تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم غیر ملکی طالب علموں کے ویزوں پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل امریکی ریاست کولوراڈو میں اسرائیل کے حق میں نکالی گئی ایک ریلی پر نامعلوم شخص نے حملہ کر دیا تھا، جس کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہوئے تھے۔ حملہ آور کو بھی زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا تھا، جو مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر امریکا میں داخل ہوا تھا۔